اس نے تم پر مرا ہوا جانور اور لہو اور سور کا گوشت اور جس چيز پر خدا کے سوا کسي اور کا نام پکارا جائے حرام کرديا ہے ہاں جو ناچار ہوجائے (بشرطيکہ ) خدا کي نافرماني نہ کرے اور حد (ضرورت) سے باہر نہ نکل جائے اس پر کچھ گناہ نہيں. بےشک خدا بخشنے والا (اور) رحم کرنے والا ہے 2:173
اے ايمان والو! اپنے اقراروں کو پورا کرو. تمہارے ليے چارپائے جانور (جو چرنے والے ہيں) حلال کر ديئے گئے ہيں. بجز ان کے جو تمہيں پڑھ کر سنائے جاتے ہيں مگر احرام (حج) ميں شکار کو حلال نہ جاننا. خدا جيسا چاہتا ہے حکم ديتا ہے 5:1
مومنو! خدا کے نام کي چيزوں کي بےحرمتي نہ کرنا اور نہ ادب کے مہينے کي اور نہ قرباني کے جانوروں کي اور نہ ان جانوروں کي (جو خدا کي نذر کر ديئے گئے ہوں اور) جن کے گلوں ميں پٹے بندھے ہوں اور نہ ان لوگوں کي جو عزت کے گھر (يعني بيت الله) کو جا رہے ہوں (اور) اپنے پروردگار کے فضل اور اس کي خوشنودي کے طلبگار ہوں اور جب احرام اتار دو تو (پھر اختيار ہے کہ) شکار کرو اور لوگوں کي دشمني اس وجہ سے کہ انہوں نے تم کو عزت والي مسجد سے روکا تھا تمہيں اس بات پر آمادہ نہ کرے کہ تم ان پر زيادتي کرنے لگو اور (ديکھو) نيکي اور پرہيزگاري کے کاموں ميں ايک دوسرے کي مدد کيا کرو اور گناہ اور ظلم کي باتوں ميں مدد نہ کيا کرو اور خدا سے ڈرتے رہو. کچھ شک نہيں کہ خدا کا عذاب سخت ہے 5:2
تم پر مرا ہوا جانور اور (بہتا) لہو اور سور کا گوشت اور جس چيز پر خدا کے سوا کسي اور کا نام پکارا جائے اور جو جانور گلا گھٹ کر مر جائے اور جو چوٹ لگ کر مر جائے اور جو گر کر مر جائے اور جو سينگ لگ کر مر جائے يہ سب حرام ہيں اور وہ جانور بھي جس کو درندے پھاڑ کھائيں. مگر جس کو تم (مرنے سے پہلے) ذبح کرلو اور وہ جانور بھي جو تھان پر ذبح کيا جائے اور يہ بھي کہ پاسوں سے قسمت معلوم کرو يہ سب گناہ (کے کام) ہيں آج کافر تمہارے دين سے نااميد ہو گئے ہيں تو ان سے مت ڈرو اور مجھي سے ڈرتے رہو (اور) آج ہم نے تمہارے لئے تمہارا دين کامل کر ديا اور اپني نعمتيں تم پر پوري کر ديں اور تمہارے لئے اسلام کو دين پسند کيا ہاں جو شخص بھوک ميں ناچار ہو جائے (بشرطيکہ) گناہ کي طرف مائل نہ ہو تو خدا بخشنے والا مہربان ہے 5:3
تم سے پوچھتے ہيں کہ کون کون سي چيزيں ان کے ليے حلال ہيں (ان سے) کہہ دو کہ سب پاکيزہ چيزيں تم کو حلال ہيں اور وہ (شکار) بھي حلال ہے جو تمہارے ليے ان شکاري جانوروں نے پکڑا ہو جن کو تم نے سدھا رکھا ہو اور جس (طريق) سے خدا نے تمہيں (شکار کرنا) سکھايا ہے (اس طريق سے) تم نے ان کو سکھايا ہو تو جو شکار وہ تمہارے لئے پکڑ رکھيں اس کو کھا ليا کرو اور (شکاري جانوروں کو چھوڑتے وقت) خدا کا نام لے ليا کرو اور خدا سے ڈرتے رہو. بےشک خدا جلد حساب لينے والا ہے 5:4
آج تمہارے ليے سب پاکيزہ چيزيں حلال کر دي گئيں اور اہل کتاب کا کھانا بھي تم کو حلال ہے اور تمہارا کھانا ان کو حلال ہے اور پاک دامن مومن عورتيں اور پاک دامن اہل کتاب عورتيں بھي (حلال ہيں) جبکہ ان کا مہر دے دو. اور ان سے عفت قائم رکھني مقصود ہو نہ کھلي بدکاري کرني اور نہ چھپي دوستي کرني اور جو شخص ايمان سے منکر ہوا اس کے عمل ضائع ہو گئے اور وہ آخرت ميں نقصان پانے والوں ميں ہوگا5:5
اے ايمان والو! شراب اور جوا اور بت اور پاسے (يہ سب) ناپاک کام اعمال شيطان سے ہيں سو ان سے بچتے رہنا تاکہ نجات پاؤ 5:90
شيطان تو يہ چاہتا ہے کہ شراب اور جوئے کے سبب تمہارے آپس ميں دشمني اور رنجش ڈلوا دے اور تمہيں خدا کي ياد سے اور نماز سے روک دے تو تم کو (ان کاموں سے) باز رہنا چاہيئے 5:91
کہہ دو کہ ناپاک چيزيں اور پاک چيزيں برابر نہيں ہوتيں گو ناپاک چيزوں کي کثرت تمہيں خوش ہي لگے تو عقل والو خدا سے ڈرتے رہو تاکہ رستگاري حاصل کرو 5:100
تو جس چيز پر (ذبح کے وقت) خدا کا نام ليا جائے اگر تم اس کي آيتوں پر ايمان رکھتے ہو تو اسے کھا ليا کرو 6:118
اور جس چيز پر خدا کا نام نہ ليا جائے اسے مت کھاؤ کہ اس کا کھانا گناہ ہے اور شيطان (لوگ) اپنے رفيقوں کے دلوں ميں يہ بات ڈالتے ہيں کہ تم سے جھگڑا کريں اور اگر تم لوگ ان کے کہے پر چلے تو بےشک تم بھي مشرک ہوئے 6:121
کہو کہ جو احکام مجھ پر نازل ہوئے ہيں ان ميں کوئي چيز جسے کھانے والا کھائے حرام نہيں پاتا بجز اس کے کہ وہ مرا ہوا جانور يا بہتا لہو يا سور کا گوشت کہ يہ سب ناپاک ہيں يا کوئي گناہ کي چيز ہو کہ اس پر خدا کے سوا کسي اور کا نام ليا گيا ہو اور اگر کوئي مجبور ہو جائے ليکن نہ تو نافرماني کرے اور نہ حد سے باہر نکل جائے تو تمہارا پروردگار بخشنے والا مہربان ہے6:145
اور يہوديوں پر ہم نے سب ناخن والے جانور حرام کر دئيے تھے اور گايوں اور بکريوں سے ان کي چربي حرام کر دي تھي سوا اس کے جو ان کي پيٹھ پر لگي ہو يا اوجھڑي ميں ہو يا ہڈي ميں ملي ہو يہ سزا ہم نے ان کو ان کي شرارت کے سبب دي تھي اور ہم تو سچ کہنے والے ہيں6:146
کہہ دو کہ ميرے پروردگار نے تو بےحيائي کي باتوں کو ظاہر ہوں يا پوشيدہ اور گناہ کو اور ناحق زيادتي کرنے کو حرام کيا ہے. اور اس کو بھي کہ تم کسي کو خدا کا شريک بناؤ جس کي اس نے کوئي سند نازل نہيں کي اور اس کو بھي کہ خدا کے بارے ميں ايسي باتيں کہو جن کا تمہيں کچھ علم نہيں 7:33
اس نے تم پر مُردار اور لہو اور سور کا گوشت حرام کرديا ہے اور جس چيز پر خدا کے سوا کسي اور کا نام پکارا جائے (اس کو بھي) ہاں اگر کوئي ناچار ہوجائے تو بشرطيکہ گناہ کرنے والا نہ ہو اور نہ حد سے نکلنے والا تو خدا بخشنے والا مہربان ہے16:115
اور يوں ہي جھوٹ جو تمہاري زبان پر آجائے مت کہہ ديا کرو کہ يہ حلال ہے اور يہ حرام ہے کہ خدا پر جھوٹ بہتان باندھنے لگو. جو لوگ خدا پر جھوٹ بہتان باندھتے ہيں ان کا بھلا نہيں ہوگا16:116
يہ (ہمارا حکم ہے) جو شخص ادب کي چيزوں کي جو خدا نے مقرر کي ہيں عظمت رکھے تو يہ پروردگار کے نزديک اس کے حق ميں بہتر ہے. اور تمہارے لئے مويشي حلال کرديئے گئے ہيں. سوا ان کے جو تمہيں پڑھ کر سنائے جاتے ہيں تو بتوں کي پليدي سے بچو اور جھوٹي بات سے اجتناب کرو 22:30
اے پيغمبر جو چيز خدا نے تمہارے لئے جائز کي ہے تم اس سے کنارہ کشي کيوں کرتے ہو؟ (کيا اس سے) اپني بيويوں کي خوشنودي چاہتے ہو؟ اور خدا بخشنے والا مہربان ہے 66:1 |