جو لوگ (خدا) کي کتاب سے ان (آيتوں اور ہدايتوں) کو جو اس نے نازل فرمائي ہيں چھپاتے اور ان کے بدلے تھوڑي سي قيمت (يعني دنياوي منفعت)حاصل کرتے ہيں وہ اپنے پيٹوں ميں محض آگ بھرتے ہيں. ايسے لوگوں سے خدا قيامت کے دن نہ کلام کرے گا اور نہ ان کو (گناہوں سے) پاک کرے گا.اور ان کے لئے دکھ دينے والا عذاب ہے 2:174
يہ وہ لوگ ہيں جنہوں نے ہدايت چھوڑ کر گمراہي اور بخشش چھوڑ کر عذاب خريدا. يہ (آتش) جہنم کي کيسي برداشت کرنے والے ہيں! 2:175
يہ اس لئے کہ خدا نے کتاب سچائي کے ساتھ نازل فرمائي. اور جن لوگوں نے اس کتاب ميں اختلاف کيا وہ ضد ميں (آکر نيکي سے) دور (ہوگئے) ہيں 2:176
وہي تو ہے جس نے تم پر کتاب نازل کي جس کي بعض آيتيں محکم ہيں (اور) وہي اصل کتاب ہيں اور بعض متشابہ ہيں تو جن لوگوں کے دلوں ميں کجي ہے وہ متشابہات کا اتباع کرتے ہيں تاکہ فتنہ برپا کريں اور مراد اصلي کا پتہ لگائيں حالانکہ مراد اصلي خدا کے سوا کوئي نہيں جانتا اور جو لوگ علم ميں دست گاہ کامل رکھتے ہيں وہ يہ کہتے ہيں کہ ہم ان پر ايمان لائے يہ سب ہمارے پروردگار کي طرف سے ہيں اور نصيحت تو عقل مند ہي قبول کرتے ہيں 3:7
بھلا تم نے ان لوگوں کو نہيں ديکھا جن کو کتاب (خدا يعني تورات سے) بہرہ ديا گيا اور وہ (اس) کتاب الله کي طرف بلائے جاتے ہيں تاکہ وہ (ان کے تنازعات کا) ان ميں فيصلہ کر دے تو ايک فريق ان ميں سے کج ادائي کے ساتھ منہ پھير ليتا ہے 3:23
يہ اس ليے کہ يہ اس بات کے قائل ہيں کہ (دوزخ کي) آگ ہميں چند روز کے سوا چھو ہي نہيں سکے گي اور جو کچھ يہ دين کے بارے ميں بہتان باندھتے رہے ہيں اس نے ان کو دھوکے ميں ڈال رکھا ہے 3:24
اور يہ جو يہودي ہيں ان ميں سے کچھ لوگ ايسے بھي ہيں کہ کلمات کو ان کے مقامات سے بدل ديتے ہيں اور کہتے ہيں کہ ہم نے سن ليا اور نہيں مانا اور سنيئے نہ سنوائے جاؤ اور زبان کو مروڑ کر اور دين ميں طعن کي راہ سے (تم سے گفتگو) کے وقت راعنا کہتے ہيں اور اگر (يوں) کہتے ہيں کہ ہم نے سن ليا اور مان ليا اور (صرف) اسمع اور (راعنا کي جگہ) انظرنا (کہتے) تو ان کے حق ميں بہتر ہوتا اور بات بھي بہت درست ہوتي ليکن خدان نے ان کے کفر کے سبب ان پر لعنت کر رکھي ہے تو يہ کچھ تھوڑے ہي ايمان لاتے ہيں4:46
پھر لوگوں ميں سے کسي نے تو اس کتاب کو مانا اور کوئي اس سے رکا (اور ہٹا) رہا تو نہ ماننے والوں (کے جلانے) کو دوزخ کي جلتي ہوئي آگ کافي ہے4:55
جن لوگوں نے ہماري آيتوں سے کفر کيا ان کو ہم عنقريب آگ ميں داخل کريں گے جب ان کي کھاليں گل (اور جل) جائيں گي تو ہم اور کھاليں بدل ديں گے تاکہ (ہميشہ) عذاب (کا مزہ چکھتے) رہيں بےشک خدا غالب حکمت والا ہے4:56
کہو کہ (اے منکرين رسالت) ملک ميں چلو پھرو پھر ديکھو کہ جھٹلانے والوں کا کيا انجام ہوا 6:11
جن لوگوں کو ہم نے کتاب دي ہے وہ ان (ہمارے پيغمبر?) کو اس طرح پہچانتے ہيں جس طرح اپنے بيٹوں کو پہچانا کرتے ہيں جنہوں نے اپنے تئيں نقصان ميں ڈال رکھا ہے وہ ايمان نہيں لاتے 6:20
اور ان ميں بعض ايسے ہيں کہ تمہاري (باتوں کي) طرف کان رکھتے ہيں. اور ہم نے ان کے دلوں پر تو پردے ڈال ديئے ہيں کہ ان کو سمجھ نہ سکيں اور کانوں ميں ثقل پيدا کرديا ہے (کہ سن نہ سکيں) اور اگر يہ تمام نشانياں بھي ديکھ ليں تب بھي ان پر ايمان نہ لائيں. يہاں تک کہ جب تمہارے پاس تم سے بحث کرنے کو آتے ہيں تو جو کافر ہيں کہتے ہيں يہ (قرآن) اور کچھ بھي نہيں صرف پہلے لوگوں کي کہانياں ہيں6:25
وہ اس سے (اوروں کو بھي) روکتے ہيں اور خود بھي پرے رہتے ہيں مگر (ان باتوں سے) اپنے آپ ہي کو ہلاک کرتے ہيں اور (اس سے) بےخبر ہيں6:26
اور کہتے ہيں کہ ان پر ان کے پروردگارکے پاس کوئي نشاني کيوں نازل نہيں ہوئي. کہہ دو کہ خدا نشاني اتارنے پر قادر ہے ليکن اکثر لوگ نہيں جانتے 6:37
يا (يہ نہ) کہو کہ اگر ہم پر بھي کتاب نازل ہوتي تو ہم ان لوگوں کي نسبت کہيں سيدھے رستے پر ہوتے سو تمہارے پاس تمہارے پروردگار کي طرف سے دليل اور ہدايت اور رحمت آ گئي ہے تو اس سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جو خدا کي آيتوں کي تکذيب کرے اور ان سے (لوگوں کو) پھيرے جو لوگ ہماري آيتوں سے پھيرتے ہيں اس پھيرنے کے سبب ہم ان کو برے عذاب کي سزا ديں گے6:157
اور جنہوں نے ہماري آيتوں کو جھٹلايا اور ان سے سرتابي کي وہي دوزخي ہيں کہ ہميشہ اس ميں (جلتے) رہيں گے7:36
تو اس سے زيادہ ظالم کون ہے جو خدا پر جھوٹ باندھے يا اس کي آيتوں کو جھٹلائے. ان کو ان کے نصيب کا لکھا ملتا ہي رہے گا يہاں تک کہ جب ان کے پاس ہمارے بھيجے ہوئے (فرشتے) جان نکالنے آئيں گے تو کہيں گے کہ جن کو تم خدا کے سوا پکارا کرتے تھے وہ (اب) کہاں ہيں؟ وہ کہيں گے (معلوم نہيں) کہ وہ ہم سے (کہاں) غائب ہوگئے اور اقرار کريں گے کہ بےشک وہ کافر تھے 7:37
جن لوگوں نے ہماري آيتوں کي تکذيب کي ان کي مثال بري ہے اور انہوں نے نقصان (کيا تو) اپنا ہي کيا 7:177
اور جب ان کو ہماري آيتيں پڑھ کر سنائي جاتي ہيں تو کہتے ہيں (يہ کلام) ہم نے سن ليا ہے اگر ہم چاہيں تو اسي طرح کا (کلام) ہم بھي کہہ ديں اور يہ ہے ہي کيا صرف اگلے لوگوں کي حکايتيں ہيں 8:31
اور جب انہوں نے کہا کہ اے خدا اگر يہ (قرآن) تيري طرف سے برحق ہے تو ہم پر آسمان سے پتھر برسا يا کوئي اور تکليف دينے والا عذاب بھيج 8:32
تو اس سے بڑھ کر ظالم کون جو خدا پر جھوٹ افترا کرے اور اس کي آيتوں کو جھٹلائے. بےشک گنہگار فلاح نہيں پائيں گے 10:17
کيا يہ لوگ کہتے ہيں کہ پيغمبر نے اس کو اپني طرف سے بنا ليا ہے کہہ دو کہ اگر سچے ہو تو تم بھي اس طرح کي ايک سورت بنا لاؤ اور خدا کے سوا جن کو تم بلا سکو بلا بھي لو 10:38
اور ہم نے قرآن ميں سب باتيں طرح طرح سے بيان کردي ہيں. مگر اکثر لوگوں نے انکار کرنے کے سوا قبول نہ کيا 17:89
اور کہنے لگے کہ ہم تم پر ايمان نہيں لائيں گے جب تک کہ (عجيب وغريب باتيں نہ دکھاؤ يعني يا تو) ہمارے لئے زمين سے چشمہ جاري کردو 17:90
يا تمہارا کھجوروں اور انگوروں کا کوئي باغ ہو اور اس کے بيچ ميں نہريں بہا نکالو 17:91
يا جيسا تم کہا کرتے ہو ہم پر آسمان کے ٹکڑے لا گراؤ يا خدا اور فرشتوں کو (ہمارے) سامنے لاؤ 17:92
يا تو تمہارا سونے کا گھر ہو يا تم آسمان پر چڑھ جاؤ. اور ہم تمہارے چڑھنے کو بھي نہيں مانيں گے جب تک کہ کوئي کتاب نہ لاؤ جسے ہم پڑھ بھي ليں. کہہ دو کہ ميرا پروردگار پاک ہے ميں تو صرف ايک پيغام پہنچانے والا انسان ہوں 17:93
اور جب لوگوں کے پاس ہدايت آگئي تو ان کو ايمان لانے سے اس کے سوا کوئي چيز مانع نہ ہوئي کہ کہنے لگے کہ کيا خدا نے آدمي کو پيغمبر کرکے بھيجا ہے 17:94
کہہ دو کہ اگر زمين ميں فرشتے ہوتے (کہ اس ميں) چلتے پھرتے (اور) آرام کرتے (يعني بستے) تو ہم اُن کے پاس فرشتے کو پيغمبر بنا کر بھيجتے 17:95
يہ ان کي سزا ہے اس لئے کہ وہ ہماري آيتوں سے کفر کرتے تھے اور کہتے تھے کہ جب ہم (مر کر بوسيدہ) ہڈياں اور ريزہ ريزہ ہوجائيں گے تو کيا ازسرنو پيدا کئے جائيں گے 17:98
کيا انہوں نے نہيں ديکھا کہ خدا جس نے آسمانوں اور زمين کو پيدا کيا ہے اس بات پر قادر ہے کہ ان جيسے (لوگ) پيدا کردے. اور اس نے ان کے لئے ايک وقت مقرر کر ديا ہے جس ميں کچھ بھي شک نہيں. تو ظالموں نے انکار کرنے کے سوا (اسے) قبول نہ کيا 17:99
اور ہم جو پيغمبروں کو بھيجا کرتے ہيں تو صرف اس لئے کہ (لوگوں کو خدا کي نعمتوں کي) خوشخبرياں سنائيں اور (عذاب سے) ڈرائيں. اور جو کافر ہيں وہ باطل کي (سند) سے جھگڑا کرتے ہيں تاکہ اس سے حق کو پھسلا ديں اور انہوں نے ہماري آيتوں کو اور جس چيز سے ان کو ڈرايا جاتا ہے ہنسي بنا ليا18:56
اور اس سے ظالم کون جس کو اس کے پروردگار کے کلام سے سمجھايا گيا تو اُس نے اس سے منہ پھير ليا. اور جو اعمال وہ آگے کرچکا اس کو بھول گيا. ہم نے ان کے دلوں پر پردے ڈال ديئے کہ اسے سمجھ نہ سکيں. اور کانوں ميں ثقل (پيدا کرديا ہے کہ سن نہ سکيں) اور اگر تم ان کو رستے کي طرف بلاؤ تو کبھي رستے پر نہ آئيں گے18:57
اور جو ميري نصيحت سے منہ پھيرے گا اس کي زندگي تنگ ہوجائے گي اور قيامت کو ہم اسے اندھا کرکے اٹھائيں گے 20:124
بلکہ (ظالم) کہنے لگے کہ (يہ قرآن) پريشان (باتيں ہيں جو) خواب (ميں ديکھ لي) ہيں. (نہيں) بلکہ اس نے اس کو اپني طرف سے بنا ليا ہے (نہيں) بلکہ (يہ شعر ہے جو اس) شاعر (کا نتيجہ? طبع) ہے. تو جيسے پہلے (پيغمبر نشانياں دے کر) بھيجے گئے تھے (اسي طرح) يہ بھي ہمارے پاس کوئي نشاني لائے21:5
اور جن لوگوں نے ہماري آيتوں ميں (اپنے زعم باطل ميں) ہميں عاجز کرنے کے لئے سعي کي، وہ اہل دوزخ ہيں22:51
اور کافر کہتے ہيں کہ يہ (قرآن) من گھڑت باتيں ہي جو اس (مدعي رسالت) نے بنالي ہيں. اور لوگوں نے اس ميں اس کي مدد کي ہے. يہ لوگ (ايسا کہنے سے) ظلم اور جھوٹ پر (اُتر) آئے ہيں 25:4
اور کہتے ہيں کہ يہ پہلے لوگوں کي کہانياں ہيں جس کو اس نے لکھ رکھا ہے اور وہ صبح وشام اس کو پڑھ پڑھ کر سنائي جاتي ہيں25:5
کہہ دو کہ اُس نے اُس کو اُتارا ہے جو آسمانوں اور زمين کي پوشيدہ باتوں کو جانتا ہے. بےشک وہ بخشنے والا مہربان ہے25:6
اور کہتے ہيں کہ يہ کيسا پيغمبر ہے کہ کھاتا ہے اور بازاروں ميں چلتا پھرتا ہے. کيوں نازل نہيں کيا گيا اس کے پاس کوئي فرشتہ اس کے ساتھ ہدايت کرنے کو رہتا 25:7
يا اس کي طرف (آسمان سے) خزانہ اتارا جاتا يا اس کا کوئي باغ ہوتا کہ اس ميں کھايا کرتا. اور ظالم کہتے ہيں کہ تم تو ايک جادو زدہ شخص کي پيروي کرتے ہو 25:8
(اے پيغمبر) ديکھو تو يہ تمہارے بارے ميں کس کس طرح کي باتيں کرتے ہيں سو گمراہ ہوگئے اور رستہ نہيں پاسکتے 25:9
وہ (خدا) بہت بابرکت ہے جو اگر چاہے تو تمہارے لئے اس سے بہتر (چيزيں) بنا دے (يعني) باغات جن کے نيچے نہريں بہہ رہي ہوں. نيز تمہارے لئے محل بنادے 25:10
بلکہ يہ تو قيامت ہي کو جھٹلاتے ہيں اور ہم نے قيامت کے جھٹلانے والوں کے لئے دوزخ تيار کر رکھي ہے 25:11
اور ہم نے تم سے پہلے جتنے پيغمبر بھيجے ہيں سب کھانا کھاتے تھے اور بازاروں ميں چلتے پھرتے تھے. اور ہم نے تمہيں ايک دوسرے کے لئے آزمائش بنايا ہے. کيا تم صبر کرو گے. اور تمہارا پروردگار تو ديکھنے والا ہے 25:20
اور جو لوگ ہم سے ملنے کي اميد نہيں رکھتے. کہتے ہيں کہ ہم پر فرشتے کيوں نہ نازل کئے گئے. يا ہم اپني آنکھ سے اپنے پروردگار کو ديکھ ليں. يہ اپنے خيال ميں بڑائي رکھتے ہيں اور (اسي بنا پر) بڑے سرکش ہو رہے ہي 25:21
جس دن يہ فرشتوں کو ديکھيں گے اس دن گنہگاروں کے لئے خوشي کي بات نہيں ہوگي اور کہيں گے (خدا کرے تم) روک لئے (اور بند کرديئے) جاؤ 25:22
اور جو انہوں نے عمل کئے ہوں گے ہم ان کي طرف متوجہ ہوں گے تو ان کو اُڑتي خاک کرديں گے 25:23
اور اسي طرح ہم نے گنہگاروں ميں سے ہر پيغمبر کا دشمن بنا ديا. اور تمہارا پروردگار ہدايت دينے اور مدد کرنے کو کافي ہے 25:31
اور کافر کہتے ہيں کہ اس پر قرآن ايک ہي دفعہ کيوں نہيں اُتارا گيا. اس طرح (آہستہ آہستہ) اس لئے اُتارا گيا کہ اس سے تمہارے دل کو قائم رکھيں. اور اسي واسطے ہم اس کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھتے رہے ہيں 25:32
اور ہم نے اس (قرآن کي آيتوں) کو طرح طرح سے لوگوں ميں بيان کيا تاکہ نصيحت پکڑيں مگر بہت سے لوگوں نے انکار کے سوا قبول نہ کيا25:50
اور جب ان (کفار) سے کہا جاتا ہے کہ رحم?ن کو سجدہ کرو تو کہتے ہيں رحم?ن کيا؟ کيا جس کے لئے تم ہم سے کہتے ہو ہم اس کے آگے سجدہ کريں اور اس سے بدکتے ہيں25:60
اور ان کے پاس (خدائے) رحم?ن کي طرف سے کوئي نصيحت نہيں آتي مگر يہ اس سے منہ پھير ليتے ہيں26:5
سو يہ تو جھٹلا چکے اب ان کو اس چيز کي حقيقت معلوم ہوگي جس کي ہنسي اُڑاتے تھے26:6
اسي طرح ہم نے انکار کو گنہگاروں کے دلوں ميں داخل کرديا 26:200
وہ جب تک درد دينے والا عذاب نہ ديکھ ليں گے، اس کو نہيں مانيں گے 26:201
وہ ان پر ناگہاں آ واقع ہوگا اور انہيں خبر بھي نہ ہوگي 26:202
اس وقت کہيں گے کيا ہميں ملہت ملے گي؟ 26:203
تو کيا يہ ہمارے عذاب کو جلدي طلب کر رہے ہيں 26:204
بھلا ديکھو تو اگر ہم ان کو برسوں فائدے ديتے رہے 26:205
پھر ان پر وہ (عذاب) آ واقع ہو جس کا تم سے وعدہ کيا جاتا ہے 26:206
تو جو فائدے يہ اٹھاتے رہے ان کے کس کام آئيں گے 26:207
اور (اے پيغمبر ہم نے تو کو اس لئے بھيجا ہے کہ) ايسا نہ ہو کہ اگر ان (اعمال) کے سبب جو اُن کے ہاتھ آگے بھيج چکے ہيں ان پر کوئي مصيبت واقع ہو تو يہ کہنے لگيں کہ اے پروردگار تو نے ہماري طرف کوئي پيغمبر کيوں نہ بھيجا کہ ہم تيري آيتوں کي پيروي کرنے اور ايمان لانے والوں ميں ہوتے 28:47
پھر جب اُن کے پاس ہماري طرف سے حق آپہنچا تو کہنے لگے کہ جيسي (نشانياں) موس?ي کو ملي تھيں ويسي اس کو کيوں نہيں مليں. کيا جو (نشانياں) پہلے موس?ي کو دي گئي تھيں اُنہوں نے اُن سے کفر نہيں کيا. کہنے لگے کہ دونوں جادوگر ہيں ايک دوسرے کے موافق. اور بولے کہ ہم سب سے منکر ہيں 28:48
اور اسي طرح ہم نے تمہاري طرف کتاب اُتاري ہے. تو جن لوگوں کو ہم نے کتابيں دي تھيں وہ اس پر ايمان لے آتے ہيں. اور بعض ان( مشرک) لوگوں ميں سے بھي اس پر ايمان لے آتے ہيں. اور ہماري آيتوں سے وہي انکار کرتے ہيں جو کافر (ازلي) ہيں 29:47
اور (کافر) کہتے ہيں کہ اس پر اس کے پروردگار کي طرف سے نشانياں کيوں نازل نہيں ہوئيں کہہ دو کہ نشانياں تو خدا ہي کے پاس ہيں. اور ميں تو کھلم کھلا ہدايت کرنے والا ہوں29:50
اور اس سے ظالم کون جو خدا پر جھوٹ بہتان باندھے يا جب حق بات اُس کے پاس آئے تو اس کي تکذيب کرے. کيا کافروں کا ٹھکانا جہنم ميں نہيں ہے؟29:68
اور لوگوں ميں بعض ايسا ہے جو بيہودہ حکايتيں خريدتا ہے تاکہ( لوگوں کو) بےسمجھے خدا کے رستے سے گمراہ کرے اور اس سے استہزاء کرے يہي لوگ ہيں جن کو ذليل کرنے والا عذاب ہوگا31:6
اور جب اس کو ہماري آيتيں سنائي جاتي ہيں تو اکڑ کر منہ پھير ليتا ہے گويا اُن کو سنا ہي نہيں جيسے اُن کے کانوں ميں ثقل ہے تو اس کو درد دينے والے عذاب کي خوشخبري سنادو 31:7
کيا تم نے نہيں ديکھا کہ جو کچھ آسمانوں ميں اور جو کچھ زمين ميں ہے سب کو خدا نے تمہارے قابو ميں کر ديا ہے اور تم پر اپني ظاہري اور باطني نعمتيں پوري کردي ہيں. اور بعض لوگ ايسے ہيں کہ خدا کے بارے ميں جھگڑتے ہيں نہ علم رکھتے ہيں اور نہ ہدايت اور نہ کتاب روشن 31:20
اور جب اُن سے کہا جاتا ہے کہ جو (کتاب) خدا نے نازل فرمائي ہے اُس کي پيروي کرو. تو کہتے ہيں کہ ہم تو اسي کي پيروي کريں گے جس پر اپنے باپ دادا کو پايا. بھلا اگرچہ شيطان ان کو دوزخ کے عذاب کي طرف بلاتا ہو (تب بھي؟) 31:21
اور اس شخص سے بڑھ کر ظالم کون جس کو اس کے پروردگار کي آيتوں سے نصيحت کي جائے تو وہ اُن سے منہ پھير لے. ہم گنہگاروں سے ضرور بدلہ لينے والے ہيں 32:22
اور جنہوں نے ہماري آيتوں ميں کوشش کي کہ ہميں ہرا ديں گے. ان کے لئے سخت درد دينے والے عذاب کي سزا ہے34:5
اور جو کافر ہيں وہ کہتے ہيں کہ ہم نہ تو اس قرآن کو مانيں گے اور نہ ان (کتابوں) کو جو ان سے پہلے کي ہيں اور کاش (ان) ظالموں کو تم اس وقت ديکھو جب يہ اپنے پروردگار کے سامنے کھڑے ہوں گے اور ايک دوسرے سے ردوکد کر رہے ہوں گے. جو لوگ کمزور سمجھے جاتے تھے وہ بڑے لوگوں سے کہيں گے کہ اگر تم نہ ہوتے تو ہم ضرور مومن ہوجاتے 34:31
اور ہم نے کسي بستي ميں کوئي ڈرانے والا نہيں بھيجا مگر وہاں کے خوش حال لوگوں نے کہا کہ جو چيز تم دے کر بھيجے گئے ہو ہم اس کے قائل نہيں 34:34
اور جب ان کو ہماري روشن آيتيں پڑھ کر سنائي جاتي ہيں تو کہتے ہيں يہ ايک (ايسا) شخص ہے جو چاہتا ہے کہ جن چيزوں کي تمہارے باپ دادا پرستش کيا کرتے تھے ان سے تم کو روک دے اور (يہ بھي) کہتے ہيں کہ يہ (قرآن) محض جھوٹ ہے (جو اپني طرف سے) بنا ليا گيا ہے. اور کافروں کے پاس جب حق آيا تو اس کے بارے ميں کہنے لگے کہ يہ تو صريح جادو ہے 34:43
اور ہم نے نہ تو ان (مشرکوں) کو کتابيں ديں جن کو يہ پڑھتے ہيں اور نہ تم سے پہلے ان کي طرف کوئي ڈرانے والا بھيجا مگر انہوں نے تکذيب کي 34:44
اور جو لوگ ان سے پہلے تھے انہوں نے تکذيب کي تھي اور جو کچھ ہم نے ان کو ديا تھا يہ اس کے دسويں حصے کو بھي نہيں پہنچے تو انہوں نے ميرے پيغمبروں کو جھٹلايا. سو ميرا عذاب کيسا ہوا34:45
کہہ دو کہ ميں تمہيں صرف ايک بات کي نصيحت کرتا ہوں کہ تم خدا کے لئے دو دو اور اکيلے اکيلے کھڑے ہوجاؤ پھر غور کرو. تمہارے رفيق کو سودا نہيں وہ تم کو عذاب سخت (کے آنے) سے پہلے صرف ڈرانے والے ہيں34:46
اور پہلے تو اس سے انکار کرتے رہے اور بن ديکھے دور ہي سے (ظن کے) تير چلاتے رہے34:53
ہاں تم تو تعجب کرتے ہو اور يہ تمسخر کرتے ہيں 37:12
اور جب ان کو نصيحت دي جاتي ہے تو نصيحت قبول نہيں کرتے 37:13
اور جب کوئي نشاني ديکھتے ہيں تو ٹھٹھے کرتے ہيں 37:14
اور کہتے ہيں کہ يہ تو صريح جادو ہے37:15
مگر جو لوگ کافر ہيں وہ غرور اور مخالفت ميں ہيں 38:2
اور کافر کہنے لگے کہ اس قرآن کو سنا ہي نہ کرو اور (جب پڑھنے لگيں تو) شور مچا ديا کرو تاکہ تم غالب رہو41:26
سو ہم بھي کافروں کو سخت عذاب کے مزے چکھائيں گے اور ان کے برے عملوں کي جو وہ کرتے تھے سزا ديں گے 41:27
جو لوگ ہماري آيتوں ميں کج راہي کرتے ہيں وہ ہم سے پوشيدہ نہيں ہيں. بھلا جو شخص دوزخ ميں ڈالا جائے وہ بہتر ہے يا وہ جو قيامت کے دن امن وامان سے آئے. (تو خير) جو چاہو سو کرلو. جو کچھ تم کرتے ہو وہ اس کو ديکھ رہا ہے 41:40
اور اگر ہم اس قرآن کو غير زبان عرب ميں (نازل) کرتے تو يہ لوگ کہتے کہ اس کي آيتيں (ہماري زبان ميں) کيوں کھول کر بيان نہيں کي گئيں. کيا (خوب کہ قرآن تو) عجمي اور (مخاطب) عربي. کہہ دو کہ جو ايمان لاتے ہيں ان کے لئے (يہ) ہدايت اور شفا ہے. اور جو ايمان نہيں لاتے ان کے کانوں ميں گراني (يعني بہراپن) ہے اور يہ ان کے حق ميں (موجب) نابينائي ہے. گراني کے سبب ان کو (گويا) دور جگہ سے آواز دي جاتي ہے 41:44
بات يہ ہے کہ ميں ان کفار کو اور ان کے باپ دادا کو متمتع کرتا رہا يہاں تک کہ ان کے پاس حق اور صاف صاف بيان کرنے والا پيغمبر آ پہنچا 43:29
اور جب ان کے پاس حق (يعني قرآن) آيا تو کہنے لگے کہ يہ تو جادو ہے اور ہم اس کو نہيں مانتے 43:30
اور (يہ بھي) کہنے لگے کہ يہ قرآن ان دونوں بستيوں (يعني مکّے اور طائف) ميں سے کسي بڑے آدمي پر کيوں نازل نہ کيا گيا؟ 43:31
ہر جھوٹے گنہگار پر افسوس ہے 45:7
(کہ) خدا کي آيتيں اس کو پڑھ کر سنائي جاتي ہيں تو ان کو سن تو ليتا ہے (مگر) پھر غرور سے ضد کرتا ہے کہ گويا ان کو سنا ہي نہيں. سو ايسے شخص کو دکھ دينے والے عذاب کي خوشخبري سنا دو 45:8
اور جب ہماري کچھ آيتيں اسے معلوم ہوتي ہيں تو ان کي ہنسي اُڑاتا ہے. ايسے لوگوں کے لئے ذليل کرنے والا عذاب ہے 45:9
اور جب ان کے سامنے ہماري کھلي کھلي آيتيں پڑھي جاتي ہيں تو ان کي يہي حجت ہوتي ہے کہ اگر تم سچے ہو تو ہمارے باپ دادا کو (زندہ کر) لاؤ45:25
ہم نے آسمانوں اور زمين کو اور جو کچھ ان دونوں ميں ہے مبني برحکمت اور ايک وقت مقرر تک کے لئے پيدا کيا ہے. اور کافروں کو جس چيز کي نصيحت کي جاتي ہے اس سے منہ پھير ليتے ہيں 46:3
اور جب ان کے سامنے ہماري کھلي آيتيں پڑھي جاتي ہيں تو کافر حق کے بارے ميں جب ان کے پاس آچکا کہتے ہيں کہ يہ تو صريح جادو ہے 46:7
کيا يہ کہتے ہيں کہ اس نے اس کو از خود بنا ليا ہے. کہہ دو کہ اگر ميں نے اس کو اپني طرف سے بنايا ہو تو تم خدا کے سامنے ميرے (بچاؤ کے) لئے کچھ اختيار نہيں رکھتے. وہ اس گفتگو کو خوب جانتا ہے جو تم اس کے بارے ميں کرتے ہو. وہي ميرے اور تمہارے درميان گواہ کافي ہے. اور وہ بخشنے والا مہربان ہے 46:8
کہو کہ بھلا ديکھو تو اگر يہ (قرآن) خدا کي طرف سے ہو اور تم نے اس سے انکار کيا اور بني اسرائيل ميں سے ايک گواہ اسي طرح کي ايک (کتاب) کي گواہي دے چکا اور ايمان لے آيا اور تم نے سرکشي کي (تو تمہارے ظالم ہونے ميں کيا شک ہے). بےشک خدا ظالم لوگوں کو ہدايت نہيں ديتا 46:10
اور کافر مومنوں سے کہتے ہيں کہ اگر يہ (دين) کچھ بہتر ہوتا تو يہ لوگ اس کي طرف ہم سے پہلے نہ دوڑ پڑتے اور جب وہ اس سے ہدايت ياب نہ ہوئے تو اب کہيں گے کہ يہ پرانا جھوٹ ہے 46:11
اے منکرين خدا) کيا تم اس کلام سے تعجب کرتے ہو؟53:59
اور ہنستے ہو اور روتے نہيں؟53:60
اور تم غفلت ميں پڑ رہے ہو53:61
قيامت قريب آ پہنچي اور چاند شق ہوگيا 54:1
اور اگر (کافر) کوئي نشاني ديکھتے ہيں تو منہ پھير ليتے ہيں اور کہتے ہيں کہ يہ ايک ہميشہ کا جادو ہے 54:2
اور انہوں نے جھٹلايا اور اپني خواہشوں کي پيروي کي اور ہر کام کا وقت مقرر ہے 54:3
تو مجھ کو اس کلام کے جھٹلانے والوں سے سمجھ لينے دو. ہم ان کو آہستہ آہستہ ايسے طريق سے پکڑيں گے کہ ان کو خبر بھي نہ ہوگي 68:44
اور ميں ان کو مہلت ديئے جاتا ہوں ميري تدبير قوي ہے68:45
جب اس کو ہماري آيتيں سنائي جاتي ہيں تو کہتا ہے کہ يہ تو اگلے لوگوں کے افسانے ہيں 83:13
ديکھو يہ جو (اعمال بد) کرتے ہيں ان کا ان کے دلوں پر زنگ بيٹھ گيا ہے 83:14
اور جنہوں نے ہماري آيتوں کو نہ مانا وہ بدبخت ہيں 90:19
يہ لوگ آگ ميں بند کر ديئے جائيں گے 90:20 |