hadminin

TAFHEEM-UL-QURAN

  
Home | Read | Q-Signs | Slides | Presentations | Prayers | Orders | About Us | Return To Group

Daud(pbuh) and Suleman(pbuh)

Translation by   


اور داؤد اور سليمان (کا حال بھي سن لو کہ) جب وہ ايک کھيتي کا مقدمہ فيصلہ کرنے لگے جس ميں کچھ لوگوں کي بکرياں رات کو چر گئي (اور اسے روند گئي) تھيں اور ہم ان کے فيصلے کے وقت موجود تھے 21:78

تو ہم نے فيصلہ (کرنے کا طريق) سليمان کو سمجھا ديا. اور ہم نے دونوں کو حکم (يعني حکمت ونبوت) اور علم بخشا تھا. اور ہم نے پہاڑوں کو داؤد کا مسخر کرديا تھا کہ ان کے ساتھ تسبيح کرتے تھے اور جانوروں کو بھي (مسخر کرديا تھا اور ہم ہي ايسا) کرنے والے تھے 21:79

اور ہم نے تمہارے لئے ان کو ايک (طرح) کا لباس بنانا بھي سکھا ديا تاکہ تم کو لڑائي (کے ضرر) سے بچائے. پس تم کو شکرگزار ہونا چاہيئے 21:80

اور ہم نے تيز ہوا سليمان کے تابع (فرمان) کردي تھي جو ان کے حکم سے اس ملک ميں چلتي تھي جس ميں ہم نے برکت دي تھي (يعني شام) اور ہم ہر چيز سے خبردار ہيں 21:81

اور ديوؤں (کي جماعت کو بھي ان کے تابع کرديا تھا کہ ان) ميں سے بعض ان کے لئے غوطے مارتے تھے اور اس کے سوا اور کام بھي کرتے تھے اور ہم ان کے نگہبان تھے 21:82

اور ہم نے داؤد اور سليمان کو علم بخشا اور انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے جس نے ہميں بہت سے مومن بندوں پر فضليت دي27:15

اور سليمان اور داؤد کے قائم مقام ہوئے. اور کہنے لگے کہ لوگو! ہميں (خدا کي طرف سے) جانوروں کي بولي سکھائي گئي ہے اور ہر چيز عنايت فرمائي گئي ہے. بےشک يہ (اُس کا) صريح فضل ہے27:16

اور سليمان کے لئے جنوں اور انسانوں اور پرندوں کے لشکر جمع کئے گئے اور قسم وار کئے جاتے تھے 27:17

يہاں تک کہ جب چيونٹيوں کے ميدان ميں پہنچے تو ايک چيونٹي نے کہا کہ چيونٹيوں اپنے اپنے بلوں ميں داخل ہو جاؤ ايسا نہ ہو کہ سليمان اور اس کے لشکر تم کو کچل ڈاليں اور ان کو خبر بھي نہ ہو 27:18

تو وہ اس کي بات سن کر ہنس پڑے اور کہنے لگے کہ اے پروردگار! مجھے توفيق عطا فرما کہ جو احسان تونے مجھ پر اور ميرے ماں باپ پر کئے ہيں ان کا شکر کروں اور ايسے نيک کام کروں کہ تو ان سے خوش ہوجائے اور مجھے اپني رحمت سے اپنے نيک بندوں ميں داخل فرما 27:19

انہوں نے جانوروں کا جائزہ ليا تو کہنے لگے کيا سبب ہے کہ ہُدہُد نظر نہيں آتا. کيا کہيں غائب ہوگيا ہے؟ 27:20

ميں اسے سخت سزا دوں گا يا ذبح کر ڈالوں گا يا ميرے سامنے (اپني بےقصوري کي) دليل صريح پيش کرے 27:21

ابھي تھوڑي ہي دير ہوئي تھي کہ ہُدہُد آ موجود ہوا اور کہنے لگا کہ مجھے ايک ايسي چيز معلوم ہوئي ہے جس کي آپ کو خبر نہيں اور ميں آپ کے پاس (شہر) سبا سے ايک سچي خبر لے کر آيا ہوں 27:22

ميں نے ايک عورت ديکھي کہ ان لوگوں پر بادشاہت کرتي ہے اور ہر چيز اسے ميسر ہے اور اس کا ايک بڑا تخت ہے 27:23

ميں نے ديکھا کہ وہ اور اس کي قوم خدا کو چھوڑ کر آفتاب کو سجدہ کرتے ہيں اور شيطان نے ان کے اعمال انہيں آراستہ کر دکھائے ہيں اور ان کو رستے سے روک رکھا ہے پس وہ رستے پر نہيں آئے 27:24

(اور نہيں سمجھتے) کہ خدا کو آسمانوں اور زمين ميں چھپي چيزوں کو ظاہر کرديتا اور تمہارے پوشيدہ اور ظاہر اعمال کو جانتا ہے کيوں سجدہ نہ کريں27:25

خدا کے سوا کوئي عبادت کے لائق نہيں وہي عرش عظيم کا مالک ہے27:26

سليمان نے کہا (اچھا) ہم ديکھيں گے، تونے سچ کہا ہے يا تو جھوٹا ہے 27:27

يہ ميرا خط لے جا اور اسے ان کي طرف ڈال دے پھر ان کے پاس سے پھر آ اور ديکھ کہ وہ کيا جواب ديتے ہيں 27:28

ملکہ نے کہا کہ دربار والو! ميري طرف ايک نامہ گرامي ڈالا گيا ہے 27:29

وہ سليمان کي طرف سے ہے اور مضمون يہ ہے کہ شروع خدا کا نام لے کر جو بڑا مہربان نہايت رحم والا ہے 27:30

بعد اس کے يہ) کہ مجھے سرکشي نہ کرو اور مطيع ومنقاد ہو کر ميرے پاس چلے آؤ 27:31

(خط سنا کر) وہ کہنے لگي کہ اے اہل دربار ميرے اس معاملے ميں مجھے مشورہ دو، جب تک تم حاضر نہ ہو (اور صلاح نہ دو) ميں کسي کام کو فيصل کرنے والي نہيں 27:32

وہ بولے کہ ہم بڑے زورآور اور سخت جنگجو ہيں اور حکم آپ کے اختيار ہے تو جو حکم ديجيئے گا (اس کے مآل پر) نظر کرليجيئے گا 27:33

اس نے کہا کہ بادشاہ جب کسي شہر ميں داخل ہوتے ہيں تو اس کو تباہ کر ديتے ہيں اور وہاں کے عزت والوں کو ذليل کر ديا کرتے ہيں اور اسي طرح يہ بھي کريں گے 27:34

اور ميں ان کي طرف کچھ تحفہ بھيجتي ہوں اور ديکھتي ہوں کہ قاصد کيا جواب لاتے ہيں27:35

جب (قاصد) سليمان کے پاس پہنچا تو سليمان نے کہا کيا تم مجھے مال سے مدد دينا چاہتے ہو، جو کچھ خدا نے مجھے عطا فرمايا ہے وہ اس سے بہتر ہے جو تمہيں ديا ہے حقيقت يہ ہے کہ تم ہي اپنے تحفے سے خوش ہوتے ہوگے27:36

ان کے پاس واپس جاؤ ہم ان پر ايسے لشکر سے حملہ کريں گے جس کے مقابلے کي ان ميں طاقت نہ ہوگي اور ان کو وہاں سے بےعزت کرکے نکال ديں گے اور وہ ذليل ہوں گے 27:37

سليمان نے کہا کہ اے دربار والو! کوئي تم ميں ايسا ہے کہ قبل اس کے کہ وہ لوگ فرمانبردار ہو کر ہمارے پاس آئيں ملکہ کا تخت ميرے پاس لے آئے 27:38

جنات ميں سے ايک قوي ہيکل جن نے کہا کہ قبل اس کے کہ آپ اپني جگہ سے اٹھيں ميں اس کو آپ کے پاس لاحاضر کرتا ہوں اور ميں اس (کے اٹھانے کي) طاقت رکھتا ہوں (اور) امانت دار ہوں 27:39

ايک شخص جس کو کتاب الہي? کا علم تھا کہنے لگا کہ ميں آپ کي آنکھ کے جھپکنے سے پہلے پہلے اسے آپ کے پاس حاضر کئے ديتا ہوں. جب سليمان نے تخت کو اپنے پاس رکھا ہوا ديکھا تو کہا کہ يہ ميرے پروردگار کا فضل ہے تاکہ مجھے آزمائے کہ ميں شکر کرتا ہوں يا کفران نعمت کرتا ہوں اور جو شکر کرتا ہے تو اپنے ہي فائدے کے لئے شکر کرتا ہے اور جو ناشکري کرتا ہے تو ميرا پروردگار بےپروا (اور) کرم کرنے والا ہے 27:40

سليمان نے کہا کہ ملکہ کے (امتحان عقل کے) لئے اس کے تخت کي صورت بدل دو. ديکھيں کہ وہ سوجھ رکھتي ہے يا ان لوگوں ميں ہے جو سوجھ نہيں رکھتے 27:41

جب وہ آ پہنچي تو پوچھا گيا کہ کيا آپ کا تخت بھي اسي طرح کا ہے؟ اس نے کہا کہ يہ تو گويا ہو بہو وہي ہے اور ہم کو اس سے پہلے ہي (سليمان کي عظمت شان) کا علم ہوگيا تھا اور ہم فرمانبردار ہيں 27:42

اور وہ جو خدا کے سوا (اور کي) پرستش کرتي تھي، سليمان نے اس کو اس سے منع کيا (اس سے پہلے تو) وہ کافروں ميں سے تھي 27:43

(پھر) اس سے کہا گيا کہ محل ميں چليے، جب اس نے اس (کے فرش) کو ديکھا تو اسے پاني کا حوض سمجھا اور (کپڑا اٹھا کر) اپني پنڈلياں کھول ديں. سليمان نے کہا يہ ايسا محل ہے جس ميں (نيچے بھي) شيشے جڑے ہوئے ہيں. وہ بول اٹھي کہ پروردگار ميں اپنے آپ پر ظلم کرتي رہي تھي اور (اب) ميں سليمان کے ہاتھ پر خدائے رب العالمين پر ايمان لاتي ہوں 27:44

اور ہم نے داؤد کو اپني طرف سے برتري بخشي تھي. اے پہاڑو ان کے ساتھ تسبيح کرو اور پرندوں کو (ان کا مسخر کرديا) اور ان کے لئے ہم نے لوہے کو نرم کرديا 34:10

کہ کشادہ زرہيں بناؤ اور کڑيوں کو اندازے سے جوڑو اور نيک عمل کرو. جو عمل تم کرتے ہو ميں ان کو ديکھنے والا ہوں 34:11

اور ہوا کو (ہم نے) سليمان کا تابع کرديا تھا اس کي صبح کي منزل ايک مہينے کي راہ ہوتي اور شام کي منزل بھي مہينے بھر کي ہوتي. اور ان کے لئے ہم نے تانبے کا چشمہ بہا ديا تھا اور جِنّوں ميں سے ايسے تھے جو ان کے پروردگار کے حکم سے ان کے آگے کام کرتے تھے. اور جو کوئي ان ميں سے ہمارے حکم سے پھرے گا اس کو ہم (جہنم کي) آگ کا مزہ چکھائيں گے 34:12

وہ جو چاہتے يہ ان کے لئے بناتے يعني قلعے اور مجسمے اور (بڑے بڑے) لگن جيسے تالاب اور ديگيں جو ايک ہي جگہ رکھي رہيں. اے داؤد کي اولاد (ميرا) شکر کرو اور ميرے بندوں ميں شکرگزار تھوڑے ہيں 34:13

پھر جب ہم نے ان کے لئے موت کا حکم صادر کيا تو کسي چيز سے ان کا مرنا معلوم نہ ہوا مگر گھن کے کيڑے سے جو ان کے عصا کو کھاتا رہا. جب عصا گر پڑا تب جنوں کو معلوم ہوا (اور کہنے لگے) کہ اگر وہ غيب جانتے ہوتے تو ذلت کي تکليف ميں نہ رہتے 34:14

(اے پيغمبر) يہ جو کچھ کہتے ہيں اس پر صبر کرو. اور ہمارے بندے داؤد کو ياد کرو جو صاحب قوت تھے (اور) بےشک وہ رجوع کرنے والے تھے 38:17

ہم نے پہاڑوں کو ان کے زير فرمان کرديا تھا کہ صبح وشام ان کے ساتھ (خدائے) پاک (کا) ذکر کرتے تھے 38:18

اور پرندوں کو بھي کہ جمع رہتے تھے. سب ان کے فرمانبردار تھے 38:19

اور ہم نے ان کي بادشاہي کو مستحکم کيا اور ان کو حکمت عطا کي اور (خصومت کي) بات کا فيصلہ (سکھايا) 38:20

بھلا تمہارے پاس ان جھگڑنے والوں کي بھي خبر آئي ہے جب وہ ديوار پھاند کر عبادت خانے ميں داخل ہوئے 38:21

جس وقت وہ داؤد کے پاس آئے تو وہ ان سے گھبرا گئے انہوں نے کہا کہ خوف نہ کيجيئے. ہم دونوں کا ايک مقدمہ ہے کہ ہم ميں سے ايک نے دوسرے پر زيادتي کي ہے تو آپ ہم ميں انصاف کا فيصلہ کر ديجيئے اور بےانصافي نہ کيجيئے گا اور ہم کو سيدھا رستہ دکھا ديجيئے 38:22

(کيفيت يہ ہے کہ) يہ ميرا بھائي ہے اس کے (ہاں) ننانوے دنبياں ہيں اور ميرے (پاس) ايک دُنبي ہے. يہ کہتا ہے کہ يہ بھي ميرے حوالے کردے اور گفتگو ميں مجھ پر زبردستي کرتا ہے 38:23

انہوں نے کہا کہ يہ جو تيري دنبي مانگتا ہے کہ اپني دنبيوں ميں ملالے بےشک تجھ پر ظلم کرتا ہے. اور اکثر شريک ايک دوسرے پر زيادتي ہي کيا کرتے ہيں. ہاں جو ايمان لائے اور عمل نيک کرتے رہے اور ايسے لوگ بہت کم ہيں. اور داؤد نے خيال کيا کہ (اس واقعے سے) ہم نے ان کو آزمايا ہے تو انہوں نے اپنے پروردگار سے مغفرت مانگي اور جھک کر گڑ پڑے اور (خدا کي طرف) رجوع کيا 38:24

تو ہم نے ان کو بخش ديا. اور بےشک ان کے لئے ہمارے ہاں قرب اور عمدہ مقام ہے38:25

اے داؤد ہم نے تم کو زمين ميں بادشاہ بنايا ہے تو لوگوں ميں انصاف کے فيصلے کيا کرو اور خواہش کي پيروي نہ کرنا کہ وہ تمہيں خدا کے رستے سے بھٹکا دے گي. جو لوگ خدا کے رستے سے بھٹکتے ہيں ان کے لئے سخت عذاب (تيار) ہے کہ انہوں نے حساب کے دن کو بھلا ديا38:26

اور ہم نے داؤد کو سليمان عطا کئے. بہت خوب بندے (تھے اور) وہ (خدا کي طرف) رجوع کرنے والے تھے 38:30

جب ان کے سامنے شام کو خاصے کے گھوڑے پيش کئے گئے 38:31

تو کہنے لگے کہ ميں نے اپنے پروردگار کي ياد سے (غافل ہو کر) مال کي محبت اختيار کي. يہاں تک کہ (آفتاب) پردے ميں چھپ گيا 38:32

(بولے کہ) ان کو ميرے پاس واپس لے آؤ. پھر ان کي ٹانگوں اور گردنوں پر ہاتھ پھيرنے لگے 38:33

اور ہم نے سليمان کي آزمائش کي اور ان کے تخت پر ايک دھڑ ڈال ديا پھر انہوں نے (خدا کي طرف) رجوع کيا 38:34

(اور) دعا کي کہ اے پروردگار مجھے مغفرت کر اور مجھ کو ايسي بادشاہي عطا کر کہ ميرے بعد کسي کو شاياں نہ ہو. بےشک تو بڑا عطا فرمانے والا ہے38:35

پھر ہم نے ہوا کو ان کے زيرفرمان کرديا کہ جہاں وہ پہنچنا چاہتے ان کے حکم سے نرم نرم چلنے لگتي38:36

اَور ديووں کو بھي (ان کے زيرفرمان کيا) وہ سب عمارتيں بنانے والے اور غوطہ مارنے والے تھے 38:37

اور اَوروں کو بھي جو زنجيروں ميں جکڑے ہوئے تھے 38:38

(ہم نے کہا) يہ ہماري بخشش ہے (چاہو) تو احسان کرو يا (چاہو تو) رکھ چھوڑو (تم سے) کچھ حساب نہيں ہے 38:39

اور بےشک ان کے لئے ہمارے ہاں قُرب اور عمدہ مقام ہے 38:40


Back to List View : Arabic Text