اور مَدين کي طرف ان کے بھائي شعيب کو بھيجا. (تو) انہوں نے کہا کہ قوم! خدا ہي کي عبادت کرو اس کے سوا تمہارا کوئي معبود نہيں. تمہارے پاس تمہارے پروردگار کي طرف سے نشاني آچکي ہے تو تم ناپ تول پوري کيا کرو اور لوگوں کو چيزيں کم نہ ديا کرو. اور زمين ميں اصلاح کے بعد خرابي نہ کرو. اگر تم صاحب ايمان ہو تو سمجھ لو کہ يہ بات تمہارے حق ميں بہتر ہے 7:85
اور ہر رستے پر مت بيٹھا کرو کہ جو شخص خدا پر ايمان نہيں لاتا ہے اسے تم ڈراتے اور راہ خدا سے روکتے اور اس ميں کجي ڈھونڈتے ہو اور (اس وقت کو) ياد کرو جب تم تھوڑے سے تھے تو خدا نے تم کو جماعت کثير کر ديا اور ديکھ لو کہ خرابي کرنے والوں کا انجام کيسا ہوا 7:86
اور اگر تم ميں سے ايک جماعت ميري رسالت پر ايمان لے آئي ہے اور ايک جماعت ايمان نہيں لائي ہے. اور ايک جماعت ايمان نہيں لائي. تو صبر کيے رہو يہاں تک کہ خدا ہمارے تمہارے درميان فيصلہ کر دے اور وہ سب سے بہتر فيصلہ کرنے والا ہے 7:87
(تو) ان کي قوم ميں جو لوگ سردار اور بڑے آدمي تھے، وہ کہنے لگے کہ شعيب! (يا تو) ہم تم کو اور جو لوگ تمہارے ساتھ ايمان لائے ہيں، ان کو اپنے شہر سے نکال ديں گے. يا تم ہمارے مذہب ميں آجاؤ. انہوں نے کہا خواہ ہم (تمہارے دين سے) بيزار ہي ہوں (تو بھي؟) 7:88
اگر ہم اس کے بعد کہ خدا ہميں اس سے نجات بخش چکا ہے تمہارے مذہب ميں لوٹ جائيں تو بےشک ہم نے خدا پر جھوٹ افتراء باندھا. اور ہميں شاياں نہيں کہ ہم اس ميں لوٹ جائيں ہاں خدا جو ہمارا پروردگار ہے وہ چاہے تو (ہم مجبور ہيں). ہمارے پروردگار کا علم ہر چيز پر احاطہ کيے ہوئے ہے. ہمارا خدا ہي پر بھروسہ ہے. اے پروردگار ہم ميں اور ہماري قوم ميں انصاف کے ساتھ فيصلہ کردے اور تو سب سے بہتر فيصلہ کرنے والا ہے 7:89
اور ان کي قوم ميں سے سردار لوگ جو کافر تھے، کہنے لگے (بھائيو) اگر تم نے شعيب کي پيروي کي تو بےشک تم خسارے ميں پڑگئے 7:90
تو ان کو بھونچال نے آپکڑا اور وہ اپنے گھروں ميں اوندھے پڑے رہ گئے 7:91
(يہ لوگ) جنہوں نے شعيب کي تکذيب کي تھي ايسے برباد ہوئے تھے کہ گويا وہ ان ميں کبھي آباد ہي نہيں ہوئے تھے (غرض) جنہوں نے شعيب کو جھٹلايا وہ خسارے ميں پڑگئے 7:92
تو شعيب ان ميں سے نکل آئے اور کہا کہ بھائيو ميں نے تم کو اپنے پروردگار کے پيغام پہنچا ديئے ہيں اور تمہاري خيرخواہي کي تھي. تو ميں کافروں پر (عذاب نازل ہونے سے) رنج وغم کيوں کروں 7:93
اور مدين کي طرف ان کے بھائي شعيب کو (بھيجا) تو اُنہوں نے کہا کہ اے قوم! خدا ہي کي عبادت کرو کہ اس کے سوا تمہارا کوئي معبود نہيں. اور ناپ تول ميں کمي نہ کيا کرو. ميں تو تم کو آسودہ حال ديکھتا ہوں اور (اگر تم ايمان نہ لاؤ گے تو) مجھے تمہارے بارے ميں ايک ايسے دن کے عذاب کا خوف ہے جو تم کو گھير کر رہے گا 11:84
اور قوم! ماپ اور تول انصاف کے ساتھ پوري پوري کيا کرو اور لوگوں کو ان کي چيزيں کم نہ ديا کرو اور زمين ميں خرابي کرتے نہ پھرو 11:85
اگر تم کو (ميرے کہنے کا) يقين ہو تو خدا کا ديا ہوا نفع ہي تمہارے ليے بہتر ہے اور ميں تمہارا نگہبان نہيں ہوں 11:86
انہوں نے کہا شعيب کيا تمہاري نماز تمہيں يہ سکھاتي ہے کہ جن کو ہمارے باپ دادا پوجتے آئے ہيں ہم ان کو ترک کر ديں يا اپنے مال ميں تصرف کرنا چاہيں تو نہ کريں. تم تو بڑے نرم دل اور راست باز ہو 11:87
انہوں نے کہا کہ اے قوم! ديکھو تو اگر ميں اپنے پروردگار کي طرف سے دليل روشن پر ہوں اور اس نے اپنے ہاں سے مجھے نيک روزي دي ہو (تو کيا ميں ان کے خلاف کروں گا؟) اور ميں نہيں چاہتا کہ جس امر سے ميں تمہيں منع کروں خود اس کو کرنے لگوں. ميں تو جہاں تک مجھ سے ہوسکے (تمہارے معاملات کي) اصلاح چاہتا ہوں اور (اس بارے ميں) مجھے توفيق کا ملنا خدا ہي (کے فضل) سے ہے. ميں اسي پر بھروسہ رکھتا ہوں اور اس کي طرف رجوع کرتا ہوں 11:88
اور اے قوم! ميري مخالفت تم سے کوئي ايسا کام نہ کرادے کہ جيسي مصيبت نوح کي قوم يا ہود کي قوم يا صالح کي قوم پر واقع ہوئي تھي ويسي ہي مصيبت تم پر واقع ہو. اور لوط کي قوم (کا زمانہ تو) تم سے کچھ دور نہيں 11:89
اُنہوں نے کہا کہ شعيب تمہاري بہت سي باتيں ہماري سمجھ ميں نہيں آتيں اور ہم ديکھتے ہيں کہ تم ہم ميں کمزور بھي ہو اور اگر تمہارے بھائي نہ ہوتے تو ہم تم کو سنگسار کر ديتے اور تم ہم پر (کسي طرح بھي) غالب نہيں ہو 11:91
انہوں نے کہا کہ قوم! کيا ميرے بھائي بندوں کا دباؤ تم پر خدا سے زيادہ ہے. اور اس کو تم نے پيٹھ پيچھے ڈال رکھا ہے. ميرا پروردگار تو تمہارے سب اعمال پر احاطہ کيے ہوئے ہے 11:92
اور برادران ملت! تم اپني جگہ کام کيے جاؤ ميں (اپني جگہ) کام کيے جاتا ہوں. تم کو عنقريب معلوم ہوجائے گا کہ رسوا کرنے والا عذاب کس پر آتا ہے اور جھوٹا کون ہے اور تم بھي انتظار کرو، ميں بھي تمہارے ساتھ انتظار کرتا ہوں 11:93
اور جب ہمارا حکم آپہنچا تو ہم نے شعيب کو اور جو لوگ ان کے ساتھ ايمان لائے تھے ان کو تو اپني رحمت سے بچا ليا. اور جو لوگ ظالم تھے، ان کو چنگھاڑ نے آدبوچا تو وہ اپنے گھروں ميں اوندھے پڑے رہ گئے 11:94
اور بَن کے رہنے والے (يعني قوم شعيب کے لوگ) بھي گنہگار تھے 15:78
تو ہم نے ان سے بھي بدلہ ليا. اور يہ دونوں شہر کھلے رستے پر (موجود) ہيں 15:79
اور بن کے رہنے والوں نے بھي پيغمبروں کو جھٹلايا 26:176
جب ان سے شعيب نے کہا کہ تم ڈرتے کيوں نہيں؟ 26:177
ميں تو تمہارا امانت دار پيغمبر ہوں 26:178
تو خدا سے ڈرو اور ميرا کہا مانو 26:179
اور ميں اس کام کا تم سے کچھ بدلہ نہيں مانگتا ميرا بدلہ تو خدائے رب العالمين کے ذمے ہے 26:180
(ديکھو) پيمانہ پورا بھرا کرو اور نقصان نہ کيا کرو 26:181
اور ترازو سيدھي رکھ کر تولا کرو 26:182
اور لوگوں کو ان کي چيزيں کم نہ ديا کرو اور ملک ميں فساد نہ کرتے پھرو 26:183
اور اس سے ڈرو جس نے تم کو اور پہلي خلقت کو پيدا کيا 26:184
وہ کہنے لگے کہ تم جادو زدہ ہو 26:185
اور تم اور کچھ نہيں ہم ہي جيسے آدمي ہو. اور ہمارا خيال ہے کہ تم جھوٹے ہو 26:186
اور اگر سچے ہو تو ہم پر آسمان سے ايک ٹکڑا لا کر گراؤ 26:187
شعيب نے کہا کہ جو کام تم کرتے ہو ميرا پروردگار اس سے خوب واقف ہے 26:188
تو ان لوگوں نے ان کو جھٹلايا، پس سائبان کے عذاب نے ان کو آ پکڑا. بےشک وہ بڑے (سخت) دن کا عذاب تھا 26:189
اس ميں يقيناً نشاني ہے. اور ان ميں اکثر ايمان لانے والے نہيں تھے 26:190
اور مدين کي طرف اُن کے بھائي شعيب کو (بھيجا) تو اُنہوں نے کہا (اے قوم) خدا کي عبادت کرو اور پچھلے دن کے آنے کي اُميد رکھو اور ملک ميں فساد نہ مچاؤ29:36
مگر اُنہوں نے اُن کو جھوٹا سمجھا سو اُن کو زلزلے (کے عذاب) نے آپکڑا اور وہ اپنے گھروں ميں اوندھے پڑے رہ گئے 29:37 |