اور قوم ثمود کي طرف ان کے بھائي صالح کو بھيجا. (تو) صالح نے کہا کہ اے قوم! خدا ہي کي عبادت کرو اس کے سوا تمہارا کوئي معبود نہيں. تمہارے پاس تمہارے پروردگار کي طرف سے ايک معجزہ آ چکا ہے. (يعني) يہي خدا کي اونٹني تمہارے ليے معجزہ ہے. تو اسے (آزاد) چھوڑ دو کہ خدا کي زمين ميں چرتي پھرے اور تم اسے بري نيت سے ہاتھ بھي نہ لگانا. ورنہ عذابِ اليم ميں تمہيں پکڑ لے گا 7:73
اور ياد تو کرو جب اس نے تم کو قوم عاد کے بعد سردار بنايا اور زمين پر آباد کيا کہ نرم زمين سے (مٹي لے لے کر) محل تعمير کرتے ہو اور پہاڑوں کو تراش تراش کر گھر بناتے ہو. پس خدا کي نعمتوں کو ياد کرو اور زمين ميں فساد نہ کرتے پھرو 7:74
تو ان کي قوم ميں سردار لوگ جو غرور رکھتے تھے غريب لوگوں سے جو ان ميں سے ايمان لے آئے تھے کہنے لگے بھلا تم يقين کرتے ہو کہ صالح اپنے پروردگار کي طرف بھيجے گئے ہيں؟ انہوں نے کہا ہاں جو چيز دے کر وہ بھيجے گئے ہيں ہم اس پر بلاشبہ ايمان رکھتے ہيں 7:75
تو (سرداران) مغرور کہنے لگے کہ جس چيز پر تم ايمان لائے ہو ہم تو اس کو نہيں مانتے 7:76
آخر انہوں نے اونٹي (کي کونچوں) کو کاٹ ڈالا اور اپنے پروردگار کے حکم سے سرکشي کي اور کہنے لگے کہ صالح! جس چيز سے تم ہميں ڈراتے تھے اگر تم (خدا کے) پيغمبر ہو تو اسے ہم پر لے آؤ 7:77
تو ان کو بھونچال نے آ پکڑا اور وہ اپنے گھروں ميں اوندھے پڑے رہ گئے 7:78
پھر صالح ان سے (نااميد ہو کر) پھرے اور کہا کہ ميري قوم! ميں نے تم کو خدا کا پيغام پہنچا ديا اور تمہاري خير خواہي کي مگر تم (ايسے ہو کہ) خير خواہوں کو دوست ہي نہيں رکھتے 7:79
اور ثمود کي طرف ان کے بھائي صالح کو (بھيجا) تو انہوں نے کہا کہ قوم! خدا ہي کي عبادت کرو اس کے سوا تمہارا کوئي معبود نہيں. اسي نے تم کو زمين سے پيدا کيا اور اس ميں آباد کيا تو اس سے مغفرت مانگو اور اس کے آگے توبہ کرو. بےشک ميرا پروردگار نزديک (بھي ہے اور دعا کا) قبول کرنے والا (بھي) ہے11:61
انہوں نے کہا کہ صالح اس سے پہلے ہم تم سے (کئي طرح کي) اميديں رکھتے تھے (اب وہ منقطع ہوگئيں) کيا تم ہم کو ان چيزوں کے پوجنے سے منع کرتے ہو جن کو ہمارے بزرگ پوجتے آئے ہيں؟ اور جس بات کي طرف تم ہميں بلاتے ہو، اس ميں ہميں قوي شبہ ہے11:62
صالح نے کہا اے قوم! بھلا ديکھو تو اگر ميں اپنے پروردگار کي طرف سے کھلي دليل پر ہوں اور اس نے مجھے اپنے ہاں سے (نبوت کي) نعمت بخشي ہو تو اگر ميں خدا کي نافرماني کروں تو اس کے سامنے ميري کون مدد کرے گا؟ تم تو (کفر کي باتوں سے) ميرا نقصان کرتے ہو11:63
اور يہ بھي کہا کہ اے قوم! يہ خدا کي اونٹني تمہارے ليے ايک نشاني (يعني معجزہ) ہے تو اس کو چھوڑ دو کہ خدا کي زمين ميں (جہاں چاہے) چرے اور اس کو کسي طرح کي تکليف نہ دينا ورنہ تمہيں جلد عذاب آپکڑے گا11:64
مگر انہوں نے اس کي کانچيں کاٹ ڈاليں. تو (صالح نے) کہا کہ اپنے گھروں ميں تم تين دن (اور) فائدہ اٹھا لو. يہ وعدہ ہے کہ جھوٹا نہ ہوگا11:65
جب ہمارا حکم آگيا تو ہم نے صالح کو اور جو لوگ ان کے ساتھ ايمان لائے تھے ان کو اپني مہرباني سے بچاليا. اور اس دن کي رسوائي سے (محفوظ رکھا). بےشک تمہارا پروردگار طاقتور اور زبردست ہے11:66
اور جن لوگوں نے ظلم کيا تھا ان کو چنگھاڑ (کي صورت ميں عذاب) نے آپکڑا تو وہ اپنے گھروں ميں اوندھے پڑے رہ گئے11:67
گويا کبھي ان ميں بسے ہي نہ تھے. سن رکھو کہ ثمود نے اپنے پروردگار سے کفر کيا. اور سن رکھو ثمود پر پھٹکار ہے11:68
اور ہم نے نشانياں بھيجني اس لئے موقوف کرديں کہ اگلے لوگوں نے اس کي تکذيب کي تھي. اور ہم نے ثمود کو اونٹني (نبوت صالح کي کھلي) نشاني دي. تو انہوں نے اس پر ظلم کيا اور ہم جو نشانياں بھيجا کرتے ہيں تو ڈرانے کو17:59
(اور) قوم ثمود نے بھي پيغمبروں کو جھٹلا ديا 26:141
جب ان سے ان کے بھائي صالح نے کہا کہ تم ڈرتے کيوں نہيں؟ 26:142
ميں تو تمہارا امانت دار ہوں 26:143
تو خدا سے ڈرو اور ميرا کہا مانو 26:144
اور ميں اس کا تم سے بدلہ نہيں مانگتا. ميرا بدلہ (خدا) رب العالمين کے ذمے ہے26:145
کيا وہ چيزيں (تمہيں يہاں ميسر) ہيں ان ميں تم بےخوف چھوڑ ديئے جاؤ گے26:146
(يعني) باغ اور چشمے 26:147
اور کھيتياں اور کھجوريں جن کے خوشے لطيف ونازک ہوتے ہيں 26:148
اور تکلف سے پہاڑوں ميں تراش خراش کر گھر بناتے ہو 26:149
تو خدا سے ڈرو اور ميرے کہنے پر چلو26:150
اور حد سے تجاوز کرنے والوں کي بات نہ مانو26:151
جو ملک ميں فساد کرتے ہيں اور اصلاح نہيں کرتے26:152
وہ کہنے لگے کہ تم تو جادو زدہ ہو26:153
تم اور کچھ نہيں ہماري طرح آدمي ہو. اگر سچے ہو تو کوئي نشاني پيش کرو26:154
صالح نے کہا (ديکھو) يہ اونٹني ہے (ايک دن) اس کي پاني پينے کي باري ہے اور ايک معين روز تمہاري باري26:155
اور اس کو کوئي تکليف نہ دينا (نہيں تو) تم کو سخت عذاب آ پکڑے گا26:156
تو انہوں نے اس کي کونچيں کاٹ ڈاليں پھر نادم ہوئے26:157
سو ان کو عذاب نے آن پکڑا. بےشک اس ميں نشاني ہے. اور ان ميں اکثر ايمان لانے والے نہيں تھے26:158
اور ہم نے ثمود کي طرف اس کے بھائي صالح کو بھيجا کہ خدا کي عبادت کرو تو وہ دو فريق ہو کر آپس ميں جھگڑنے لگے27:45
صالح نے کہا کہ بھائيو تم بھلائي سے پہلے برائي کے لئے کيوں جلدي کرتے ہو (اور) خدا سے بخشش کيوں نہيں مانگتے تاکہ تم پر رحم کيا جائے27:46
وہ کہنے لگے کہ تم اور تمہارے ساتھي ہمارے لئے شگون بد ہے. صالح نے کہا کہ تمہاري بدشگوني خدا کي طرف سے ہے بلکہ تم ايسے لوگ ہو جن کي آزمائش کي جاتي ہے 27:47
اور شہر ميں نو شخص تھے جو ملک ميں فساد کيا کرتے تھے اور اصلاح سے کام نہيں ليتے تھے 27:48
کہنے لگے کہ خدا کي قسم کھاؤ کہ ہم رات کو اس پر اور اس کے گھر والوں پر شب خون ماريں گے پھر اس کے وارث سے کہہ ديں گے کہ ہم تو صالح کے گھر والوں کے موقع ہلاکت پر گئے ہي نہيں اور ہم سچ کہتے ہيں 27:49
اور وہ ايک چال چلے اور ان کو کچھ خبر نہ ہوئي27:50
تو ديکھ لو ان کي چال کا کيسا انجام ہوا. ہم نے ان کو اور ان کي قوم سب کو ہلاک کر ڈالا27:51
اب يہ ان کے گھر ان کے ظلم کے سبب خالي پڑے ہيں. جو لوگ دانش رکھتے ہيں، ان کے لئے اس ميں نشاني ہے27:52
اور جو لوگ ايمان لائے اور ڈرتے تھے ان کو ہم نے نجات دي27:53
اور جو ثمود تھے ان کو ہم نے سيدھا رستہ دکھا ديا تھا مگر انہوں نے ہدايت کے مقابلے ميں اندھا دھند رہنا پسند کيا تو ان کے اعمال کي سزا ميں کڑک نے ان کو آپکڑا. اور وہ ذلت کا عذاب تھا 41:17
اور جو ايمان لائے اور پرہيزگاري کرتے رہے ان کو ہم نے بچا ليا 41:18
اور (قوم) ثمود (کے حال) ميں (نشاني ہے) جب ان سے کہا گيا کہ ايک وقت تک فائدہ اٹھالو 51:43
تو انہوں نے اپنے پروردگار کے حکم سے سرکشي کي. سو ان کو کڑک نے آ پکڑا اور وہ ديکھ رہے تھے 51:44
پھر وہ نہ تو اُٹھنے کي طاقت رکھتے تھے اور نہ مقابلہ ہي کرسکتے تھے51:45
اور ثمود کو بھي. غرض کسي کو باقي نہ چھوڑا53:51
ثمود نے بھي ہدايت کرنے والوں کو جھٹلايا 54:23
اور کہا کہ بھلا ايک آدمي جو ہم ہي ميں سے ہے ہم اس کي پيروي کريں؟ يوں ہو تو ہم گمراہي اور ديوانگي ميں پڑ گئے 54:24
کيا ہم سب ميں سے اسي پر وحي نازل ہوئي ہے؟ (نہيں) بلکہ يہ جھوٹا خود پسند ہے54:25
ان کو کل ہي معلوم ہوجائے گا کہ کون جھوٹا خود پسند ہے54:26
(اے صالح) ہم ان کي آزمائش کے لئے اونٹني بھيجنے والے ہيں تو تم ان کو ديکھتے رہو اور صبر کرو 54:27
اور ان کو آگاہ کردو کہ ان ميں پاني کي باري مقرر کر دي گئي ہے. ہر (باري والے کو اپني) باري پر آنا چاہيئے 54:28
تو ان لوگوں نے اپنے رفيق کو بلايا اور اس نے (اونٹني کو پکڑ کر اس کي) کونچيں کاٹ ڈاليں 54:29
سو (ديکھ لو کہ) ميرا عذاب اور ڈرانا کيسا ہوا 54:30
ہم نے ان پر (عذاب کے لئے) ايک چيخ بھيجي تو وہ ايسے ہوگئے جيسے باڑ والے کي سوکھي اور ٹوٹي ہوئي باڑ 54:31
سو ثمود تو کڑک سے ہلاک کرديئے گئے69:5
(قوم) ثمود نے اپني سرکشي کے سبب (پيغمبر کو) جھٹلايا 91:11
جب ان ميں سے ايک نہايت بدبخت اٹھا 91:12
تو خدا کے پيغمبر (صالح) نے ان سے کہا کہ خدا کي اونٹني اور اس کے پاني پينے کي باري سے عذر کرو 91:13
مگر انہوں نے پيغمبر کو جھٹلايا اور اونٹني کي کونچيں کاٹ ديں تو خدا نے ان کےگناہ کے سبب ان پر عذاب نازل کيا اور سب کو (ہلاک کر کے) برابر کر ديا 91:14
اور اس کو ان کے بدلہ لينے کا کچھ بھي ڈر نہيں91:15 |