اور جو لوگ تم سے لڑتے ہيں تم بھي خدا کي راہ ميں ان سے لڑو مگر زيادتي نہ کرنا کہ خدا زيادتي کرنے والوں کو دوست نہيں رکھتا 2:190
اور بےعقلوں کو ان کا مال جسے خدا نے تم لوگوں کے لئے سبب معيشت بنايا ہے مت دو (ہاں) اس ميں سے ان کو کھلاتے اور پہناتے رہے اور ان سے معقول باتيں کہتے رہو4:5
اور خدا ہي کي عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسي چيز کو شريک نہ بناؤ اور ماں باپ اور قرابت والوں اور يتيموں اور محتاجوں اور رشتہ دار ہمسائيوں اور اجنبي ہمسائيوں اور رفقائے پہلو (يعني پاس بيٹھنے والوں) اور مسافروں اور جو لوگ تمہارے قبضے ميں ہوں سب کے ساتھ احسان کرو کہ خدا (احسان کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے اور) تکبر کرنے والے بڑائي مارنے والے کو دوست نہيں رکھتا4:36
اور جب تم کو کوئي دعا دے تو (جواب ميں) تم اس سے بہتر (کلمے) سے (اسے) دعا دو يا انہيں لفظوں سے دعا دو بےشک خدا ہر چيز کا حساب لينے والا ہے 4:86
خدا اس بات کو پسند نہيں کرتا کہ کوئي کسي کو علانيہ برا کہے مگر وہ جو مظلوم ہو. اور خدا (سب کچھ) سنتا (اور) جانتا ہے 4:148
اور جو مومن تمہارے پيرو ہوگئے ہيں ان سے متواضع پيش آؤ26:215
اور (ازراہ غرور) لوگوں سے گال نہ پھلانا اور زمين ميں اکڑ کر نہ چلنا. کہ خدا کسي اترانے والے خود پسند کو پسند نہيں کرتا 31:18
اور بھلائي اور برائي برابر نہيں ہوسکتي. تو (سخت کلامي کا) ايسے طريق سے جواب دو جو بہت اچھا ہو (ايسا کرنے سے تم ديکھو گے) کہ جس ميں اور تم ميں دشمني تھي گويا وہ تمہارا گرم جوش دوست ہے 41:34
مومنوں سے کہہ دو کہ جو لوگ خدا کے دنوں کي (جو اعمال کے بدلے کے لئے مقرر ہيں) توقع نہيں رکھتے ان سے درگزر کريں. تاکہ وہ ان لوگوں کو ان کے اعمال کا بدلے دے 45:14
اور اگر مومنوں ميں سے کوئي دو فريق آپس ميں لڑ پڑيں تو ان ميں صلح کرا دو. اور اگر ايک فريق دوسرے پر زيادتي کرے تو زيادتي کرنے والے سے لڑو يہاں تک کہ وہ خدا کے حکم کي طرف رجوع لائے. پس جب وہ رجوع لائے تو وہ دونوں فريق ميں مساوات کے ساتھ صلح کرا دو اور انصاف سے کام لو. کہ خدا انصاف کرنے والوں کو پسند کرتا ہے 49:9
مومن تو آپس ميں بھائي بھائي ہيں. تو اپنے دو بھائيوں ميں صلح کراديا کرو. اور خدا سے ڈرتے رہو تاکہ تم پر رحمت کي جائے 49:10
مومنو! کوئي قوم کسي قوم سے تمسخر نہ کرے ممکن ہے کہ وہ لوگ ان سے بہتر ہوں اور نہ عورتيں عورتوں سے (تمسخر کريں) ممکن ہے کہ وہ ان سے اچھي ہوں. اور اپنے (مومن بھائي) کو عيب نہ لگاؤ اور نہ ايک دوسرے کا برا نام رکھو. ايمان لانے کے بعد برا نام (رکھنا) گناہ ہے. اور جو توبہ نہ کريں وہ ظالم ہيں 49:11
اے اہل ايمان! بہت گمان کرنے سے احتراز کرو کہ بعض گمان گناہ ہيں. اور ايک دوسرے کے حال کا تجسس نہ کيا کرو اور نہ کوئي کسي کي غيبت کرے. کيا تم ميں سے کوئي اس بات کو پسند کرے گا کہ اپنے مرے ہوئے بھائي کا گوشت کھائے؟ اس سے تو تم ضرور نفرت کرو گے. (تو غيبت نہ کرو) اور خدا کا ڈر رکھو بےشک خدا توبہ قبول کرنے والا مہربان ہے 49:12
اور مانگنے والے کو جھڑکي نہ دينا 93:10 |