تو ان لوگوں پر افسوس ہے جو اپنے ہاتھ سے تو کتاب لکھتے ہيں اور کہتے يہ ہيں کہ يہ خدا کے پاس سے (آئي) ہے، تاکہ اس کے عوض تھوڑي سے قيمت (يعني دنيوي منفعت) حاصل کريں. ان پر افسوس ہے، اس ليے کہ (بےاصل باتيں) اپنے ہاتھ سے لکھتے ہيں اور (پھر) ان پر افسوس ہے، اس ليے کہ ايسے کام کرتے ہيں 2:79
اور کہتے ہيں کہ (دوزخ کي) آگ ہميں چند روز کے سوا چھو ہي نہيں سکے گي. ان سے پوچھو، کيا تم نے خدا سے اقرار لے رکھا ہے کہ خدا اپنے اقرار کے خلاف نہيں کرے گا. (نہيں)، بلکہ تم خدا کے بارے ميں ايسي باتيں کہتے ہو جن کا تمہيں مطلق علم نہيں 2:80
جن لوگوں کو ہم نے کتاب عنايت کي ہے، وہ اس کو (ايسا) پڑھتے ہيں جيسا اس کے پڑھنے کا حق ہے. يہي لوگ اس پر ايمان رکھنے والے ہيں، اور جو اس کو نہيں مانتے، وہ خسارہ پانے والے ہيں 2:121
جو لوگ ہمارے حکموں اور ہدايتوں کو جو ہم نے نازل کي ہيں (کسي غرض فاسد سے) چھپاتے ہيں باوجود يہ کہ ہم نے ان لوگوں کے (سمجھانے کے) لئے اپني کتاب ميں کھول کھول کر بيان کرديا ہے. ايسوں پر خدا اور تمام لعنت کرنے والے لعنت کرتے ہيں2:159
اور ايک دوسرے کا مال ناحق نہ کھاؤ اورنہ اس کو (رشوةً) حاکموں کے پاس پہنچاؤ تاکہ لوگوں کے مال کا کچھ حصہ ناجائز طور پر کھا جاؤ اور (اسے) تم جانتے بھي ہو 2:188
اور کوئي شخص تو ايسا ہے جس کي گفتگو دنيا کي زندگي ميں تم کو دلکش معلوم ہوتي ہے اور وہ اپني ماني الضمير پر خدا کو گواہ بناتا ہے حالانکہ وہ سخت جھگڑالو ہے 2:204
اور جب پيٹھ پھير کر چلا جاتا ہے تو زمين ميں دوڑتا پھرتا ہے تاکہ اس ميں فتنہ انگيزي کرے اور کھيتي کو (برباد) اور (انسانوں اور حيوانوں کي) نسل کو نابود کردے اور خدا فتنہ انگيزي کو پسند نہيں کرتا 2:205
اور جب اس سے کہا جاتا ہے کہ خدا سے خوف کر تو غرور اس کو گناہ ميں پھنسا ديتا ہے. سو ايسے کو جہنم سزاوار ہے. اور وہ بہت برا ٹھکانہ ہے 2:206
اور کوئي شخص ايسا ہے کہ خدا کي خوشنودي حاصل کرنے کے لئے اپني جان بيچ ڈالتا ہے اور خدا بندوں پر بہت مہربان ہے 2:207
مومنو! اسلام ميں پورے پورے داخل ہوجاؤ اور شيطان کے پيچھے نہ چلو وہ تو تمہارا صريح دشمن ہے 2:208
خدا تمہاري لغو قسموں پر تم سے مواخذہ نہ کرے گا. ليکن جو قسميں تم قصد دلي سے کھاؤ گے ان پر مواخذہ کرے گا. اور خدا بخشنے والا بردبار ہے2:225
دين (اسلام) ميں زبردستي نہيں ہے ہدايت (صاف طور پر ظاہر اور) گمراہي سے الگ ہو چکي ہے تو جو شخص بتوں سے اعتقاد نہ رکھے اور خدا پر ايمان لائے اس نے ايسي مضبوط رسي ہاتھ ميں پکڑ لي ہے جو کبھي ٹوٹنے والي نہيں اور خدا (سب کچھ) سنتا اور (سب کچھ) جانتا ہے2:256
لوگوں کو ان کي خواہشوں کي چيزيں يعني عورتيں اور بيٹے اور سونے اور چاندي کے بڑے بڑے ڈھير اور نشان لگے ہوئے گھوڑے اور مويشي اور کھيتي بڑي زينت دار معلوم ہوتي ہيں (مگر) يہ سب دنيا ہي کي زندگي کے سامان ہيں اور خدا کے پاس بہت اچھا ٹھکانا ہے 3:14
(اے پيغمبر ان سے) کہو کہ بھلا ميں تم کو ايسي چيز بتاؤں جو ان چيزوں سے کہيں اچھي ہو (سنو) جو لوگ پرہيزگار ہيں ان کے ليے خدا کے ہاں باغات (بہشت) ہيں جن کے نيچے نہريں بہہ رہي ہيں ان ميں وہ ہميشہ رہيں گے اور پاکيزہ عورتيں ہيں اور (سب سے بڑھ کر) خدا کي خوشنودي اور خدا (اپنے نيک) بندوں کو ديکھ رہا ہے3:15
(اے پيغمبر لوگوں سے) کہہ دو کہ اگر تم خدا کو دوست رکھتے ہو تو ميري پيروي کرو خدا بھي تمہيں دوست رکھے گا اور تمہارے گناہ معاف کر دے گا اور خدا بخشنے والا مہربان ہے 3:31
کہہ دو کہ اے اہل کتاب جو بات ہمارے اور تمہارے دونوں کے درميان يکساں (تسليم کي گئي) ہے اس کي طرف آؤ وہ يہ کہ خدا کے سوا ہم کسي کي عبادت نہ کريں اور اس کے ساتھ کسي چيز کو شريک نہ بنائيں اور ہم ميں سے کوئي کسي کو خدا کے سوا اپنا کار ساز نہ سمجھے اگر يہ لوگ (اس بات کو) نہ مانيں تو (ان سے) کہہ دو کہ تم گواہ رہو کہ ہم (خدا کے) فرماں بردار ہيں3:64
جو لوگ خدا کے اقراروں اور اپني قسموں (کو بيچ ڈالتے ہيں اور ان) کے عوض تھوڑي سي قيمت حاصل کرتے ہيں ان کا آخرت ميں کچھ حصہ نہيں ان سے خدا نہ تو کلام کرے گا اور نہ قيامت کے روز ان کي طرف ديکھے گا اور نہ ان کو پاک کرے گا اور ان کو دکھ دينے والا عذاب ہوگا 3:77
لوگو اپنے پروردگار سے ڈرو جس نے تم کو ايک شخص سے پيدا کيا (يعني اول) اس سے اس کا جوڑا بنايا. پھر ان دونوں سے کثرت سے مرد وعورت (پيدا کرکے روئے زمين پر) پھيلا ديئے. اور خدا سے جس کے نام کو تم اپني حاجت بر آري کا ذريعہ بناتے ہو ڈرو اور (قطع مودت) ارحام سے (بچو) کچھ شک نہيں کہ خدا تمہيں ديکھ رہا ہے 4:1
اور جب تم سفر کو جاؤ تو تم پر کچھ گناہ نہيں کہ نماز کو کم کرکے پڑھو بشرطيکہ تم کو خوف ہو کہ کافر لوگ تم کو ايذا ديں گے بےشک کافر تمہارے کھلے دشمن ہيں 4:101
پھر جب تم نماز تمام کرچکو تو کھڑے اور بيٹھے اور ليٹے (ہر حالت ميں) خدا کو ياد کرو پھر جب خوف جاتا رہے تو (اس طرح سے) نماز پڑھو (جس طرح امن کي حالت ميں پڑھتے ہو) بےشک نماز کا مومنوں پر اوقات (مقررہ) ميں ادا کرنا فرض ہے 4:103
جو مومنوں کو چھوڑ کر کافروں کو دوست بناتے ہيں. کيا يہ ان کے ہاں عزت حاصل کرنا چاہتے ہيں تو عزت تو سب خدا ہي کي ہے 4:139
خدا اس بات کو پسند نہيں کرتا کہ کوئي کسي کو علانيہ برا کہے مگر وہ جو مظلوم ہو. اور خدا (سب کچھ) سنتا (اور) جانتا ہے 4:148 |