خدا اس کے گناہ کو نہيں بخشے گا کہ کسي کو اس کا شريک بنايا جائے اور اس کے سوا (اور گناہ) جس کو چاہيے گا بخش دے گا. اور جس نے خدا کے ساتھ شريک بنايا وہ رستے سے دور جا پڑا4:116
کہو (کافرو) بھلا ديکھو تو اگر تم پر خدا کا عذاب آجائےيا قيامت آموجود ہو تو کيا تم (ايسي حالت ميں) خدا کے سوا کسي اور کو پکارو گے؟ اگر سچے ہو (تو بتاؤ) 6:40
اور يہ (لوگ) خدا کے سوا ايسي چيزوں کي پرستش کرتے ہيں جو نہ ان کا کچھ بگاڑ ہي سکتي ہيں اور نہ کچھ بھلا ہي کر سکتي ہيں اور کہتے ہيں کہ يہ خدا کے پاس ہماري سفارش کرنے والے ہيں. کہہ دو کہ کيا تم خدا کو ايسي چيز بتاتے ہو جس کا وجود اسے نہ آسمانوں ميں معلوم ہوتا ہے اور نہ زمين ميں. وہ پاک ہے اور (اس کي شان) ان کے شرک کرنے سے بہت بلند ہے 10:18
سودمند پکارنا تو اسي کا ہے اور جن کو يہ لوگ اس کے سوا پکارتے ہيں وہ ان کي پکار کو کسي طرح قبول نہيں کرتے مگر اس شخص کي طرح جو اپنے دونوں ہاتھ پاني کي طرف پھيلا دے تاکہ (دور ہي سے) اس کے منہ تک آ پہنچے حالانکہ وہ (اس تک کبھي بھي) نہيں آسکتا اور (اسي طرح) کافروں کي پکار بيکار ہے 13:14
ان سے پوچھو کہ آسمانوں اور زمين کا پروردگار کون ہے؟ (تم ہي ان کي طرف سے) کہہ دو کہ خدا. پھر (ان سے) کہو کہ تم نے خدا کو چھوڑ کر ايسے لوگوں کو کيوں کارساز بنايا ہے جو خود اپنے نفع ونقصان کا بھي اختيار نہيں رکھتے (يہ بھي) پوچھو کيا اندھا اور آنکھوں والا برابر ہيں؟ يا اندھيرا اور اُجالا برابر ہوسکتا ہے؟ بھلا ان لوگوں نے جن کو خدا کا شريک مقرر کيا ہے. کيا انہوں نے خدا کي سي مخلوقات پيدا کي ہے جس کے سبب ان کو مخلوقات مشتبہ ہوگئي ہے. کہہ دو کہ خدا ہي ہر چيز کا پيدا کرنے والا ہے اور وہ يکتا (اور) زبردست ہے13:16
اور ان لوگوں نے خدا کے شريک مقرر کئے کہ (لوگوں کو) اس کے رستے سے گمراہ کريں. کہہ دو کہ (چند روز) فائدے اٹھا لو آخرکار تم کو دوزخ کي طرف لوٹ کر جانا ہے 14:30
خدا کا حکم (يعني عذاب گويا) آ ہي پہنچا تو (کافرو) اس کے ليے جلدي مت کرو. يہ لوگ جو (خدا کا) شريک بناتے ہيں وہ اس سے پاک اور بالاتر ہے 16:1
اور جن لوگوں کو يہ خدا کے سوا پکارتے ہيں وہ کوئي چيز بھي تو نہيں بناسکتے بلکہ خود ان کو اور بناتے ہيں 16:20
(وہ) لاشيں ہيں بےجان. ان کو يہ بھي تو معلوم نہيں کہ اٹھائے کب جائيں گے 16:21
پھر جب وہ تم سے تکليف کو دور کرديتا ہے تو کچھ لوگ تم ميں سے خدا کے ساتھ شريک کرنے لگتے ہيں16:54
اور ہمارے ديئے ہوئے مال ميں سے ايسي چيزوں کا حصہ مقرر کرتے ہيں جن کو جانتے ہي نہيں. (کافرو) خدا کي قسم کہ جو تم افتراء کرتے ہو اس کي تم سے ضرور پرسش ہوگي16:56
اور يہ لوگ خدا کے ليے تو بيٹياں تجويز کرتے ہيں. (اور) وہ ان سے پاک ہے اور اپنے ليے (بيٹے) جو مرغوب ودلپسند ہيں16:57
حالانکہ جب ان ميں سے کسي کو بيٹي (کے پيدا ہونے) کي خبر ملتي ہے تو اس کا منہ (غم کے سبب) کالا پڑ جاتا ہے اور (اس کے دل کو ديکھو تو) وہ اندوہناک ہوجاتا ہے16:58
اور خدا کے سوا ايسوں کو پوجتے ہيں جو ان کو آسمانوں اور زمين ميں روزي دينے کا ذرا بھي اختيار نہيں رکھتے اور نہ کسي اور طرح کا مقدور رکھتے ہيں 16:73
اور جب مشرک (اپنے بنائے ہوئے) شريکوں کو ديکھيں گے تو کہيں گے کہ پروردگار يہ وہي ہمارے شريک ہيں جن کو ہم تيرے سوا پُکارا کرتے تھے. تو وہ (اُن کے کلام کو مسترد کرديں گے اور) اُن سے کہيں گے کہ تم تو جھوٹے ہو 16:86
اور خدا کے ساتھ کوئي اور معبود نہ بنانا کہ ملامتيں سن کر اور بےکس ہو کر بيٹھے رہ جاؤ گے 17:22
اور ان کے دلوں پر پردہ ڈال ديتے ہيں کہ اسے سمجھ نہ سکيں اور ان کے کانوں ميں ثقل پيدا کر ديتے ہيں. اور جب تم قرآن ميں اپنے پروردگار يکتا کا ذکر کرتے ہو تو وہ بدک جاتے اور پيٹھ پھير کر چل ديتے ہيں17:46
کيا کافر يہ خيال کرتے ہيں کہ وہ ہمارے بندوں کو ہمارے سوا (اپنا) کارساز بنائيں گے (تو ہم خفا نہيں ہوں گے) ہم نے (ايسے) کافروں کے لئے جہنم کي (مہماني) تيار کر رکھي ہے 18:102
اور ان لوگوں نے خدا کے سوا اور معبود بنالئے ہيں تاکہ وہ ان کے لئے (موجب عزت و) مدد ہوں 19:81
ہرگز نہيں وہ (معبودان باطل) ان کي پرستش سے انکار کريں گے اور ان کے دشمن (ومخالف) ہوں گے 19:82
صرف ايک خدا کے ہو کر اس کے ساتھ شريک نہ ٹھيرا کر. اور جو شخص (کسي کو) خدا کے ساتھ شريک مقرر کرے تو وہ گويا ايسا ہے جيسے آسمان سے گر پڑے پھر اس کو پرندے اُچک لے جائيں يا ہوا کسي دور جگہ اُڑا کر پھينک دے 22:31
اور (يہ لوگ) خدا کے سوا ايسي چيزوں کي عبادت کرتے ہيں جن کي اس نے کوئي سند نازل نہيں فرمائي اور نہ ان کے پاس اس کي کوئي دليل ہے. اور ظالموں کا کوئي بھي مددگار نہيں ہوگا 22:71
اور جب ان کو ہماري آيتيں پڑھ کر سنائي جاتي تو (ان کي شکل بگڑ جاتي ہے اور) تم ان کے چہروں ميں صاف طور پر ناخوشي (کے آثار) ديکھتے ہو. قريب ہوتے ہيں کہ جو لوگ ان کو ہماري آيتيں پڑھ کر سناتے ہيں ان پر حملہ کرديں. کہہ دو کہ ميں تم کو اس سے بھي بري چيز بتاؤں؟ وہ دوزخ کي آگ ہے. جس کا خدا نے کافروں سے وعدہ کيا ہے. اور وہ برا ٹھکانا ہے 22:72
بات يہ ہے کہ ہم نے ان کے پاس حق پہنچا ديا ہے اور جو (بت پرستي کئے جاتے ہيں) بےشک جھوٹے ہيں 23:90
اور جو شخص خدا کے ساتھ اور معبود کو پکارتا ہے جس کي اس کے پاس کچھ بھي سند نہيں تو اس کا حساب خدا ہي کے ہاں ہوگا. کچھ شک نہيں کہ کافر رستگاري نہيں پائيں گے 23:117
تو خدا کے سوا کسي اور معبود کو مت پکارنا، ورنہ تم کو عذاب ديا جائے گا 26:213
بھلا کون تم کو جنگل اور دريا کے اندھيروں ميں رستہ بناتا ہے اور (کون) ہواؤں کو اپني رحمت کے آگے خوشخبري بناکر بھيجتا ہے (يہ سب کچھ خدا کرتا ہے) تو کيا خدا کے ساتھ کوئي اور معبود بھي ہے؟ (ہرگز نہيں). يہ لوگ جو شرک کرتے ہيں خدا (کي شان) اس سے بلند ہے27:63
پھر جب يہ کشتي ميں سوار ہوتے ہيں تو خدا کو پکارتے (اور) خالص اُسي کي عبادت کرتے ہيں. ليکن جب وہ اُن کو نجات دے کر خشکي پر پہنچا ديتا ہے تو جھٹ شرک کرنے لگے جاتے ہيں29:65
اور جب لوگوں کو تکليف پہنچتي ہے تو اپنے پروردگار کو پکارتے اور اسي کي طرف رجوع ہوتے ہيں. پھر جب وہ ان کو اپني رحمت کا مزا چکھاتا ہے تو ايک فرقہ اُن ميں سے اپنے پروردگار سے شرک کرنے لگتا ہے 30:33
تاکہ جو ہم نے ان کو بخشا ہے اُس کي ناشکري کريں سو (خير) فائدے اُٹھالو عنقريب تم کو (اس کا انجام) معلوم ہو جائے گا 30:34
کيا ہم نے ان پر کوئي ايسي دليل نازل کي ہے کہ اُن کو خدا کے ساتھ شرک کرنا بتاتي ہے30:35
کہہ دو کہ ملک ميں چلو پھرو اور ديکھو کہ جو لوگ( تم سے) پہلے ہوئے ہيں ان کا کيسا انجام ہوا ہے. ان ميں زيادہ تر مشرک ہي تھے 30:42
اور اگر تم اُن سے پوچھو کہ آسمانوں اور زمين کو کس نے پيدا کيا تو بول اُٹھيں گے کہ خدا نے. کہہ دو کہ خدا کا شکر ہے ليکن ان ميں اکثر سمجھ نہيں رکھتے31:25
اگر تم ان کو پکارو تو وہ تمہاري پکار نہ سنيں اور اگر سن بھي ليں تو تمہاري بات کو قبول نہ کرسکيں. اور قيامت کے دن تمہارے شرک سے انکار کرديں گے. اور (خدائے) باخبر کي طرح تم کو کوئي خبر نہيں دے گا 35:14
اور انہوں نے خدا کے سوا (اور) معبود بنا ليے ہيں کہ شايد (ان سے) ان کو مدد پہنچے 36:74
(مگر) وہ ان کي مدد کي (ہرگز) طاقت نہيں رکھتے. اور وہ ان کي فوج ہو کر حاضر کيے جائيں گے 36:75
تو ان کي باتيں تمہيں غمناک نہ کرديں. يہ جو کچھ چھپاتے اور جو کچھ ظاہر کرتے ہيں ہميں سب معلوم ہے 36:76
يہ اس لئے کہ جب تنہا خدا کو پکارا جاتا تھا تو تم انکار کرديتے تھے. اور اگر اس کے ساتھ شريک مقرر کيا جاتا تھا تو تسليم کرليتے تھے تو حکم تو خدا ہي کا ہے جو (سب سے) اوپر اور (سب سے) بڑا ہے 40:12
اور اگر تم ان سے پوچھو کہ آسمانوں اور زمين کو کس نے پيدا کيا ہے تو کہہ ديں گے کہ ان کو غالب اور علم والے (خدا) نے پيدا کيا ہے 43:9
اور کہتے ہيں اگر خدا چاہتا تو ہم ان کو نہ پوجتے. ان کو اس کا کچھ علم نہيں. يہ تو صرف اٹکليں دوڑا رہے ہيں 43:20
يا ہم نے ان کو اس سے پہلے کوئي کتاب دي تھي تو يہ اس سے سند پکڑتے ہيں 43:21
بلکہ کہنے لگے کہ ہم نے اپنے باپ دادا کو ايک رستے پر پايا ہے اور ہم انہي کے قدم بقدم چل رہے ہيں 43:22
ان کے سامنے دوزخ ہے. اور جو کام وہ کرتے رہے کچھ بھي ان کے کام نہ آئيں گے. اور نہ وہي (کام آئيں گے) جن کو انہوں نے خدا کے سوا معبود بنا رکھا تھا. اور ان کے لئے بڑا عذاب ہے 45:10 |