جو لوگ کافر ہيں انہيں تم نصيحت کرو يا نہ کرو ان کے ليے برابر ہے. وہ ايمان نہيں لانے کے2:6
خدا نے ان کے دلوں اور کانوں پر مہر لگا رکھي ہے اور ان کي آنکھوں پر پردہ (پڑا ہوا) ہے اور ان کے ليے بڑا عذاب (تيار) ہے 2:7
جو لوگ کافر ہوئے (اس دن) نہ تو ان کا مال ہي خدا (کے عذاب) سے ان کو بچا سکے گا اور نہ ان کي اولاد ہي (کچھ کام آئے گي) اور يہ لوگ آتش (جہنم) کا ايندھن ہوں گے 3:10
ان کا حال بھي فرعونيوں اور ان سے پہلے لوگوں کا سا ہوگا جنہوں نے ہماري آيتوں کي تکذيب کي تھي تو خدا نے ان کو ان کے گناہوں کے سبب (عذاب ميں) پکڑ ليا تھا اور خدا سخت عذاب کرنے والا ہے 3:11
جن لوگوں نے ايمان کے بدلے کفر خريدا وہ خدا کا کچھ نہيں بگاڑ سکتے اور ان کو دکھ دينے والا عذاب ہوگا 3:177
اور کافر لوگ يہ نہ خيال کريں کہ ہم جو ان کو مہلت ديئے جاتے ہيں تو يہ ان کے حق ميں اچھا ہے. (نہيں بلکہ) ہم ان کو اس لئے مہلت ديتے ہيں کہ اور گناہ کرليں. آخرکار ان کو ذليل کرنے والا عذاب ہوگا 3:178
اور جو شخص سيدھا رستہ معلوم ہونے کے بعد پيغمبر کي مخالف کرے اور مومنوں کے رستے کے سوا اور رستے پر چلے تو جدھر وہ چلتا ہے ہم اسے ادھر ہي چلنے ديں گے اور (قيامت کے دن) جہنم ميں داخل کريں گے اور وہ بري جگہ ہے4:115
اور خدا کي نشانيوں ميں سے کوئي نشاني ان لوگوں کے پاس نہيں آتي مگر يہ اس سے منہ پھير ليتے ہيں 6:4
جب ان کے پاس حق آيا تو اس کو بھي جھٹلا ديا سو ان کو ان چيزوں کا جن سے يہ استہزا کرتے ہيں عنقريب انجام معلوم ہو جائے گا6:5
اور جن لوگوں نے ہماري آيتوں کو جھٹلايا وہ بہرے اور گونگے ہيں (اس کے علاوہ) اندھيرے ميں (پڑے ہوئے) جس کو خدا چاہے گمراہ کردے اور جسے چاہے سيدھے رستے پر چلا دے 6:39
اور جنہوں نے ہماري آيتوں کو جھٹلايا ان کي نافرمانيوں کے سبب انہيں عذاب ہوگا 6:49
اور يہ لوگ خدا کي سخت سخت قسميں کھاتے ہيں کہ اگر ان کے پاس کوئي نشاني آئے تو وہ اس پر ضروري ايمان لے آئيں. کہہ دو کہ نشانياں تو سب خدا ہي کے پاس ہيں. اور (مومنو!) تمہيں کيا معلوم ہے (يہ تو ايسے بدبخت ہيں کہ ان کے پاس) نشانياں آ بھي جائيں تب بھي ايمان نہ لائيں 6:109
اور اگر ہم ان پر فرشتے بھي اتار ديتے اور مردے بھي ان سے گفتگو کرنے لگتے اور ہم سب چيزوں کو ان کے سامنے لا موجود بھي کر ديتے تو بھي يہ ايمان لانے والے نہ تھے اِلّا ماشائالله بات يہ ہے کہ يہ اکثر نادان ہيں 6:111
اور جب ان کے پاس کوئي آيت آتي ہے تو کہتے ہيں کہ جس طرح کي رسالت خدا کے پيغمبروں کو ملي ہے جب تک اسي طرح کي رسالت ہم کو نہ ملے ہم ہرگز ايمان نہيں لائيں گے اس کو خدا ہي خوب جانتا ہے کہ (رسالت کا کون سا محل ہے اور) وہ اپني پيغمبري کسے عنايت فرمائے جو لوگ جرم کرتے ہيں ان کو خدا کے ہاں ذلّت اور عذابِ شديد ہوگا اس ليے کہ مکّارياں کرتے تھے 6:124
کيا يہ لوگ اس کے وعدہ? عذاب کے منتظر ہيں. جس دن وہ وعدہ آجائے گا تو جو لوگ اس کو پہلے سے بھولے ہوئے ہوں گے وہ بول اٹھيں گے کہ بےشک ہمارے پروردگار کے رسول حق لے کر آئے تھے. بھلا (آج) ہمارا کوئي سفارشي ہيں کہ ہماري سفارش کريں يا ہم (دنيا ميں) پھر لوٹا ديئے جائيں کہ جو عمل (بد) ہم (پہلے) کرتے تھے (وہ نہ کريں بلکہ) ان کے سوا اور (نيک) عمل کريں. بےشک ان لوگوں نے اپنا نقصان کيا اور جو کچھ يہ افتراء کيا کرتے تھے ان سے سب جاتا رہا7:53
اور جن لوگوں نے ہماري آيتوں اور آخرت کے آنے کو جھٹلايا ان کے اعمال ضائع ہوجائيں گے. يہ جيسے عمل کرتے ہيں ويسا ہي ان کو بدلہ ملے گا 7:147
اور اگر خدا لوگوں کي برائي ميں جلدي کرتا جس طرح وہ طلب خير ميں جلدي کرتے ہيں. تو ان کي (عمر کي) ميعاد پوري ہوچکي ہوتي سو جن لوگوں کو ہم سے ملنے کي توقع نہيں انہيں ہم چھوڑے رکھتے ہيں کہ اپني سرکشي ميں بہکتے رہيں 10:11
جو خدا کے رستے سے روکتے ہيں اور اس ميں کجي چاہتے ہيں اور وہ آخرت سے بھي انکار کرتے ہيں 11:19
اور بہت سے آدمي گو تم (کتني ہي) خواہش کرو ايمان لانے والے نہيں ہيں 12:103
اور آسمان و زمين ميں بہت سي نشانياں ہيں جن پر يہ گزرتے ہيں اور ان سے اعراض کرتے ہيں 12:105
جن لوگوں نے خدا کے حکم کو قبول کيا ان کي حالت بہت بہتر ہوگي. اور جنہوں نے اس کو قبول نہ کيا اگر روئے زمين کے سب خزانے ان کے اختيار ميں ہوں تو وہ سب کے سب اور ان کے ساتھ اتنے ہي اور (نجات کے) بدلے ميں صرف کرڈاليں (مگر نجات کہاں؟) ايسے لوگوں کا حساب بھي برا ہوگا. اور ان کا ٹھکانا بھي دوزخ ہے. اور وہ بري جگہ ہے 13:18
اور جو لوگ خدا سے عہد واثق کر کے اس کو توڑ ڈالتے اور (رشتہ ہائے قرابت) کے جوڑے رکھنے کا خدا نے حکم ديا ہے ان کو قطع کر ديتے ہيں اور ملک ميں فساد کرتے ہيں. ايسوں پر لعنت ہے اور ان کے ليے گھر بھي برا ہے13:25
جو آخرت کي نسبت دنيا کو پسند کرتے اور (لوگوں کو) خدا کے رستے سے روکتے اور اس ميں کجي چاہتے ہيں. يہ لوگ پرلے سرے کي گمراہي ميں ہيں 14:3
جن لوگوں نے اپنے پروردگار سے کفر کيا ان کے اعمال کي مثال راکھ کي سي ہے کہ آندھي کے دن اس پر زور کي ہوا چلے (اور) اسے اڑا لے جائے (اس طرح) جو کام وہ کرتے رہے ان پر ان کو کچھ دسترس نہ ہوگي. يہي تو پرلے سرے کي گمراہي ہے 14:18
کيا تم نے ان لوگوں کو نہيں ديکھا جنہوں نے خدا کے احسان کو ناشکري سے بدل ديا. اور اپني قوم کو تباہي کے گھر ميں اتارا 14:28
اور انہوں نے (بڑي بڑي) تدبيريں کيں اور ان کي (سب) تدبيريں خدا کے ہاں (لکھي ہوئي) ہيں گو وہ تدبيريں ايسي (غضب کي) تھيں کہ ان سے پہاڑ بھي ٹل جائيں14:46
(اے محمد) ان کو اُن کے حال پر رہنے دو کہ کھاليں اور فائدے اُٹھاليں اور (طول) امل ان کو دنيا ميں مشغول کئے رہے عنقريب ان کو (اس کا انجام) معلوم ہو جائے گا 15:3
کيا يہ (کافر) اس بات کے منتظر ہيں کہ فرشتے ان کے پاس (جان نکالنے) آئيں يا تمہارے پروردگار کا حکم (عذاب) آپہنچے. اسي طرح اُن لوگوں نے کيا تھا جو اُن سے پہلے تھے اور خدا نے اُن پر ظلم نہيں کيا بلکہ وہ خود اپنے آپ پر ظلم کرتے تھے 16:33
تو ان کو ان کے اعمال کے برے بدلے ملے اور جس چيز کے ساتھ وہ ٹھٹھے کيا کرتے تھے اس نے ان کو (ہر طرف سے) گھير ليا 16:34
اور مشرک کہتے ہيں کہ اگر خدا چاہتا تو نہ ہم ہي اس کے سوا کسي چيز کو پوجتے اور نہ ہمارے بڑے ہي (پوجتے) اور نہ اس کے (فرمان کے) بغير ہم کسي چيز کو حرام ٹھہراتے. (اے پيغمبر) اسي طرح ان سے اگلے لوگوں نے کيا تھا. تو پيغمبروں کے ذمے (خدا کے احکام کو) کھول کر سنا دينے کے سوا اور کچھ نہيں16:35
اور يہ خدا کي سخت سخت قسميں کھاتے ہيں کہ جو مرجاتا ہے خدا اسے (قيامت کے دن قبر سے) نہيں اٹھائے گا. ہرگز نہيں. يہ (خدا کا) وعدہ سچا ہے اور اس کا پورا کرنا اسے ضرور ہے ليکن اکثر لوگ نہيں جانتے 16:38
کيا جو لوگ بري بري چاليں چلتے ہيں اس بات سے بےخوف ہيں کہ خدا ان کو زمين ميں دھنسا دے يا (ايسي طرف سے) ان پر عذاب آجائے جہاں سے ان کو خبر ہي نہ ہو16:45
يا ان کو چلتے پھرتے پکڑ لے وہ (خدا کو) عاجز نہيں کرسکتے16:46
اور يہ لوگ خدا کے ليے تو بيٹياں تجويز کرتے ہيں. (اور) وہ ان سے پاک ہے اور اپنے ليے (بيٹے) جو مرغوب ودلپسند ہيں16:57
حالانکہ جب ان ميں سے کسي کو بيٹي (کے پيدا ہونے) کي خبر ملتي ہے تو اس کا منہ (غم کے سبب) کالا پڑ جاتا ہے اور (اس کے دل کو ديکھو تو) وہ اندوہناک ہوجاتا ہے16:58
اور اس خبر بد سے (جو وہ سنتا ہے) لوگوں سے چھپتا پھرتا ہے (اور سوچتا ہے) کہ آيا ذلت برداشت کرکے لڑکي کو زندہ رہنے دے يا زمين ميں گاڑ دے. ديکھو يہ جو تجويز کرتے ہيں بہت بري ہے16:59
اور يہ خدا کے ليے ايسي چيزيں تجويز کرتے ہيں جن کو خود ناپسند کرتے ہيں اور زبان سے جھوٹ بکے جاتے ہيں کہ ان کو (قيامت کے دن) بھلائي (يعني نجات) ہوگي. کچھ شک نہيں کہ ان کے ليے (دوزخ کي) آگ (تيار) ہے اور يہ (دوزخ ميں) سب سے آگے بھيجے جائيں گے16:62
خدا کي قسم ہم نے تم سے پہلي امتوں کي طرف بھي پيغمبر بھيجے تو شيطان نے ان کے کردار (ناشائستہ) ان کو آراستہ کر دکھائے تو آج بھي وہي ان کا دوست ہے اور ان کے ليے عذاب اليم ہے16:63
اور خدا کے سوا ايسوں کو پوجتے ہيں جو ان کو آسمانوں اور زمين ميں روزي دينے کا ذرا بھي اختيار نہيں رکھتے اور نہ کسي اور طرح کا مقدور رکھتے ہيں 16:73
يہ خدا کي نعمتوں سے واقف ہيں. مگر (واقف ہو کر) اُن سے انکار کرتے ہيں اور يہ اکثر ناشکرے ہيں 16:83
يہ لوگ خدا کي آيتوں پر ايمان نہيں لاتے ان کو خدا ہدايت نہيں ديتا اور ان کے لئے عذاب اليم ہے 16:104
جھوٹ افتراء تو وہي لوگ کيا کرتے ہيں جو خدا کي آيتوں پر ايمان نہيں لاتے. اور وہي جھوٹے ہيں 16:105
جو شخص ايمان لانے کے بعد خدا کے ساتھ کفر کرے وہ نہيں جو (کفر پر زبردستي) مجبور کيا جائے اور اس کا دل ايمان کے ساتھ مطمئن ہو. بلکہ وہ جو (دل سے اور) دل کھول کر کفر کرے. تو ايسوں پر الله کا غضب ہے. اور ان کو بڑا سخت عذاب ہوگا 16:106
يہي لوگ ہيں جن کے دلوں پر اور کانوں پر اور آنکھوں پر خدا نے مہر لگا رکھي ہے. اور يہي غفلت ميں پڑے ہوئے ہيں 16:108
کچھ شک نہيں کہ يہ آخرت ميں خسارہ اٹھانے والے ہوں گے 16:109
اور کہتے ہيں کہ جب ہم (مر کر بوسيدہ) ہڈيوں اور چُور چُور ہوجائيں گے تو کيا ازسرنو پيدا ہو کر اُٹھيں گے 17:49
کہہ دو کہ (خواہ تم) پتھر ہوجاؤ يا لوہا17:50
يا کوئي اور چيز جو تمہارے نزديک (پتھر اور لوہے سے بھي) بڑي (سخت) ہو (جھٹ کہيں گے) کہ (بھلا) ہميں دوبارہ کون جلائے گا؟ کہہ دو کہ وہي جس نے تم کو پہلي بار پيدا کيا. تو (تعجب سے) تمہارے آگے سرہلائيں گے اور پوچھيں گے کہ ايسا کب ہوگا؟ کہہ دو کہ اميد ہے جلد ہوگا17:51
اور ہم قرآن (کے ذريعے) سے وہ چيز نازل کرتے ہيں جو مومنوں کے لئے شفا اور رحمت ہے اور ظالموں کے حق ميں تو اس سے نقصان ہي بڑھتا ہے 17:82
اور ان لوگوں کو بھي ڈرائے جو کہتے ہيں کہ خدا نے (کسي کو) بيٹا بنا ليا ہے 18:4
ان کو اس بات کا کچھ بھي علم نہيں اور نہ ان کے باپ دادا ہي کو تھا. (يہ) بڑي سخت بات ہے جو ان کے منہ سے نکلتي ہے (اور کچھ شک نہيں) کہ يہ جو کہتے ہيں محض جھوٹ ہے18:5
جن کي آنکھيں ميري ياد سے پردے ميں تھيں اور وہ سننے کي طاقت نہيں رکھتے تھے 18:101
اور (کافر) انسان کہتا ہے کہ جب ميں مر جاؤ گا تو کيا زندہ کرکے نکالا جاؤں گا؟19:66
کيا (ايسا) انسان ياد نہيں کرتا کہ ہم نے اس کو پہلے بھي پيدا کيا تھا اور وہ کچھ بھي چيز نہ تھا19:67
اور جب ان لوگوں کے سامنے ہماري آيتيں پڑھي جاتي ہيں تو جو کافر ہيں وہ مومنوں سے کہتے ہيں کہ دونوں فريق ميں سے مکان کس کے اچھے اور مجلسيں کس کي بہتر ہيں 19:73
اور ہم نے ان سے پہلے بہت سي اُمتيں ہلاک کرديں. وہ لوگ (ان سے) ٹھاٹھ اور نمود ميں کہيں اچھے تھے 19:74
کہہ دو کہ جو شخص گمراہي ميں پڑا ہوا ہے خدا اس کو آہستہ آہستہ مہلت ديئے جاتا ہے. يہاں تک کہ جب اس چيز کو ديکھ ليں گے جس کا ان سے وعدہ کيا جاتا ہے خواہ عذاب اور خواہ قيامت. تو (اس وقت) جان ليں گے کہ مکان کس کا برا ہے اور لشکر کس کا کمزور ہے 19:75
بھلا تم نے اس شخص کو ديکھا جس نے ہماري آيتوں سے کفر کيا اور کہنے لگا کہ (اگر ميں ازسرنو زندہ ہوا بھي تو يہي) مال اور اولاد مجھے (وہاں) ملے گا 19:77
کيا اس نے غيب کي خبر پالي ہے يا خدا کے يہاں (سے) عہد لے ليا ہے؟ 19:78
ہرگز نہيں. يہ جو کچھ کہتا ہے ہم اس کو لکھتے جاتے اور اس کے لئے آہستہ آہستہ عذاب بڑھاتے جاتے ہيں 19:79
اور جو چيزيں يہ بتاتا ہے ان کے ہم وارث ہوں گے اور يہ اکيلا ہمارے سامنے آئے گا 19:80
کيا تم نے نہيں ديکھا کہ ہم نے شيطانوں کو کافروں پر چھوڑ رکھا ہے کہ ان کو برانگيختہ کرتے رہتے ہيں 19:83
تو تم ان پر (عذاب کے لئے) جلدي نہ کرو. اور ہم تو ان کے لئے (دن) شمار کر رہے ہيں 19:84
اور جو شخص حد سے نکل جائے اور اپنے پروردگار کي آيتوں پر ايمان نہ لائے ہم اس کو ايسا ہي بدلہ ديتے ہيں. اور آخرت کا عذاب بہت سخت اور بہت دير رہنے والا ہے 20:127
اور کہتے ہيں کہ يہ (پيغمبر) اپنے پروردگار کي طرف سے ہمارے پاس کوئي نشاني کيوں نہيں لاتے. کيا ان کے پاس پہلي کتابوں کي نشاني نہيں آئي؟ 20:133
اور اگر ہم ان کو پيغمبر (کے بھيجنے) سے پيشتر کسي عذاب سے ہلاک کرديتے تو وہ کہتے کہ اے ہمارے پروردگار تو نے ہماري طرف کوئي پيغمبر کيوں نہ بھيجا کہ ہم ذليل اور رسوا ہونے سے پہلے تيرے کلام (واحکام) کي پيروي کرتے 20:134
ان کے پاس کوئي نئي نصيحت ان کے پروردگار کي طرف سے نہيں آتي مگر وہ اسے کھيلتے ہوئے سنتے ہيں 21:2
ان کے دل غفلت ميں پڑے ہوئے ہيں اور ظالم لوگ (آپس ميں) چپکے چپکے باتيں کرتے ہيں کہ يہ (شخص کچھ بھي) نہيں مگر تمہارے جيسا آدمي ہے. تو تم آنکھوں ديکھتے جادو (کي لپيٹ) ميں کيوں آتے ہو 21:3
اور بعض لوگ ايسے ہيں جو خدا (کي شان) ميں علم (ودانش) کے بغير جھگڑتے اور ہر شيطان سرکش کي پيروي کرتے ہيں 22:3
اور لوگوں ميں کوئي ايسا بھي ہے جو خدا (کي شان) ميں بغير علم (ودانش) کے اور بغير ہدايت کے اور بغير کتاب روشن کے جھگڑتا ہے 22:8
(اور تکبر سے) گردن موڑ ليتا (ہے) تاکہ (لوگوں کو) خدا کے رستے سے گمراہ کردے. اس کے لئے دنيا ميں ذلت ہے. اور قيامت کے دن ہم اسے عذاب (آتش) سوزاں کا مزہ چکھائيں گے 22:9
جو لوگ کافر ہيں اور (لوگوں کو) خدا کے رستے سے اور مسجد محترم سے جسے ہم نے لوگوں کے لئے يکساں (عبادت گاہ) بنايا ہے روکتے ہيں. خواہ وہاں کے رہنے والے ہوں يا باہر سے آنے والے. اور جو اس ميں شرارت سے کج روي (وکفر) کرنا چاہے اس کو ہم درد دينے والے عذاب کا مزہ چکھائيں گے.22:25
کيا انہوں نے اس کلام ميں غور نہيں کيا يا ان کے پاس کوئي ايسي چيز آئي ہے جو ان کے اگلے باپ دادا کے پاس نہيں تھي23:68
بات يہ ہے کہ جو بات اگلے (کافر) کہتے تھے اسي طرح کي (بات يہ) کہتے ہيں 23:81
جو لوگ آخرت پر ايمان نہيں رکھتے ہيں ہم نے ان کے اعمال ان کے لئے آرستہ کرديئے ہيں تو وہ سرگرداں ہو رہے ہيں 27:4
يہي لوگ ہيں جن کے لئے بڑا عذاب ہے اور وہ آخرت ميں بھي وہ بہت نقصان اٹھانے والے ہيں27:5
اور جو کافر ہيں وہ مومنوں سے کہتے ہيں کہ ہمارے طريق کي پيروي کرو ہم تمہارے گناہ اُٹھاليں گے. حالانکہ وہ اُن کے گناہوں کا کچھ بھي بوجھ اُٹھانے والے نہيں. کچھ شک نہيں کہ يہ جھوٹے ہيں 29:12
اور يہ اپنے بوجھ بھي اُٹھائيں گے اور اپنے بوجھوں کے ساتھ اور (لوگوں کے) بوجھ بھي. اور جو بہتان يہ باندھتے رہے قيامت کے دن اُن کي اُن سے ضرور پرسش ہوگي 29:13
اور جن لوگوں نے خدا کي آيتوں سے اور اس کے ملنے سے انکار کيا وہ ميري رحمت سے نااُميد ہوگئے ہيں اور ان کو درد دينے والا عذاب ہوگا 29:23
کہہ دو کہ ميرے اور تمہارے درميان خدا ہي گواہ کافي ہے جو چيز آسمانوں ميں اور زمين ميں ہے وہ سب کو جانتا ہے. اور جن لوگوں نے باطل کو مانا اور خدا سے انکار کيا وہي نقصان اُٹھانے والے ہيں29:52
کيا اُنہوں نے اپنے دل ميں غور نہيں کيا. کہ خدا نے آسمانوں اور زمين کو اور جو کچھ ان دونوں کے درميان ہے اُن کو حکمت سے اور ايک وقت مقرر تک کے لئے پيدا کيا ہے. اور بہت سے لوگ اپنے پروردگار سے ملنے کے قائل ہي نہيں 30:8
کيا اُن لوگوں نے ملک ميں سير نہيں کي (سير کرتے )تو ديکھ ليتے کہ جو لوگ اُن سے پہلے تھے ان کا انجام کيسے ہوا. وہ اُن سے زورو قوت ميں کہيں زيادہ تھے اور اُنہوں نے زمين کو جوتا اور اس کو اس سے زيادہ آباد کيا تھا جو اُنہوں نے آباد کيا. اور اُن کے پاس اُن کے پيغمبر نشانياں لےکر آتے رہے تو خدا ايسا نہ تھا کہ اُن پر ظلم کرتا. بلکہ وہي اپنے آپ پر ظلم کرتے تھے 30:9
بےشک خدا نے کافروں پر لعنت کي ہے اور ان کے لئے (جہنم کي) آگ تيار کر رکھي ہے33:64
اور جنہوں نے ہماري آيتوں ميں کوشش کي کہ ہميں ہرا ديں گے. ان کے لئے سخت درد دينے والے عذاب کي سزا ہے34:5
اور جن لوگوں نے کفر کيا ان کے لئے دوزخ کي آگ ہے. نہ انہيں موت آئے گي کہ مرجائيں اور نہ ان کا عذاب ہي ان سے ہلکا کيا جائے گا. ہم ہر ايک ناشکرے کو ايسا ہي بدلہ ديا کرتے ہيں35:36
وہ اس ميں چلائيں گے کہ اے پروردگار ہم کو نکال لے (اب) ہم نيک عمل کيا کريں گے. نہ وہ جو (پہلے) کرتے تھے. کيا ہم نے تم کو اتني عمر نہيں دي تھي کہ اس ميں جو سوچنا چاہتا سوچ ليتا اور تمہارے پاس ڈرانے والا بھي آيا. تو اب مزے چکھو. ظالموں کا کوئي مددگار نہيں 35:37
اور يہ لوگ کہا کرتے تھے37:167
کہ اگر ہمارے پاس اگلوں کي کوئي نصيحت (کي کتاب) ہوتي37:168
تو ہم خدا کے خالص بندے ہوتے37:169
ليکن (اب) اس سے کفر کرتے ہيں سو عنقريب ان کو (اس کا نتيجہ) معلوم ہوجائے گا 37:170
اور جب تنہا خدا کا ذکر کيا جاتا ہے تو جو لوگ آخرت پر ايمان نہيں رکھتے ان کے دل منقبض ہوجاتے ہيں. اور جب اس کے سوا اوروں کا ذکر کيا جاتا ہے تو خوش ہوجاتے ہيں39:45
جو بشارت بھي سناتا ہے اور خوف بھي دلاتا ہے ليکن ان ميں سے اکثروں نے منہ پھير ليا اور وہ سنتے ہي نہيں 41:4
اور کہتے ہيں کہ جس چيز کي طرف تم ہميں بلاتے ہو اس سے ہمارے دل پردوں ميں ہيں اور ہمارے کانوں ميں بوجھ (يعني بہراپن) ہے اور ہمارے اور تمہارے درميان پردہ ہے تو تم (اپنا) کام کرو ہم (اپنا) کام کرتے ہيں41:5
کہہ دو کہ ميں بھي آدمي ہوں جيسے تم. (ہاں) مجھ پر يہ وحي آتي ہے کہ تمہارا معبود خدائے واحد ہے تو سيدھے اسي کي طرف (متوجہ) رہو اور اسي سے مغفرت مانگو اور مشرکوں پر افسوس ہے41:6
جو زکو?ة نہيں ديتے اور آخرت کے بھي قائل نہيں 41:7
الزام تو ان لوگوں پر ہے جو لوگوں پر ظلم کرتے ہيں اور ملک ميں ناحق فساد پھيلاتے ہيں. يہي لوگ ہيں جن کو تکليف دينے والا عذاب ہوگا 42:42
جو لوگ برے کام کرتے ہيں کيا وہ يہ خيال کرتے ہيں کہ ہم ان کو ان لوگوں جيسا کرديں گے جو ايمان لائے اور عمل نيک کرتے رہے اور ان کي زندگي اور موت يکساں ہوگي. يہ جو دعوے کرتے ہيں برے ہيں 45:21
بھلا تم نے اس شخص کو ديکھا جس نے اپني خواہش کو معبود بنا رکھا ہے اور باوجود جاننے بوجھنے کے (گمراہ ہو رہا ہے تو) خدا نے (بھي) اس کو گمراہ کرديا اور اس کے کانوں اور دل پر مہر لگا دي اور اس کي آنکھوں پر پردہ ڈال ديا. اب خدا کے سوا اس کو کون راہ پر لاسکتا ہے. بھلا تم کيوں نصيحت نہيں پکڑتے؟ 45:23
اور کہتے ہيں کہ ہماري زندگي تو صرف دنيا ہي کي ہے کہ (يہيں) مرتے اور جيتے ہيں اور ہميں تو زمانہ مار ديتا ہے. اور ان کو اس کا کچھ علم نہيں. صرف ظن سے کام ليتے ہيں 45:24
اور ان ميں بعض ايسے بھي ہيں جو تمہاري طرف کان لگائے يہاں تک کہ (سب کچھ سنتے ہيں ليکن) جب تمہارے پاس سے نکل کر چلے جاتے ہيں تو جن لوگوں کو علم (دين) ديا گيا ہے ان سے کہتے ہيں کہ (بھلا) انہوں نے ابھي کيا کہا تھا؟ يہي لوگ ہيں جن کے دلوں پر خدا نے مہر لگا رکھي ہے اور وہ اپني خواہشوں کے پيچھے چل رہے ہيں47:16
يہ اس لئے کہ جو لوگ خدا کي اُتاري ہوئي (کتاب) سے بيزار ہيں يہ ان سے کہتے ہيں کہ بعض کاموں ميں ہم تمہاري بات بھي مانيں گے. اور خدا ان کے پوشيدہ مشوروں سے واقف ہے47:26
تو اُس وقت (ان کا) کيسا (حال) ہوگا جب فرشتے ان کي جان نکاليں گے اور ان کے مونہوں اور پيٹھوں پر مارتے جائيں گے 47:27
يہ اس لئے کہ جس چيز سے خدا ناخوش ہے يہ اس کے پيچھے چلے اور اس کي خوشنودي کو اچھا نہ سمجھے تو اُس نے بھي ان کے عملوں کو برباد کر ديا 47:28
کيا وہ لوگ جن کے دلوں ميں بيماري ہے يہ خيال کئے ہوئے ہيں کہ خدا ان کے کينوں کو ظاہر نہيں کرے گا؟ 47:29
جن لوگوں کو سيدھا رستہ معلوم ہوگيا (اور) پھر بھي انہوں نے کفر کيا اور (لوگوں کو) خدا کي راہ سے روکا اور پيغمبر کي مخالفت کي وہ خدا کا کچھ بھي بگاڑ نہيں سکيں گے. اور خدا ان کا سب کيا کرايا اکارت کردے گا 47:32
اور جو شخص خدا پر اور اس کے پيغمبر پر ايمان نہ لائے تو ہم نے (ايسے) کافروں کے لئے آگ تيار کر رکھي ہے 48:13
کچھ شک نہيں کہ ان ظالموں کے لئے بھي (عذاب کي) نوبت مقرر ہے جس طرح ان کے ساتھيوں کي نوبت تھي تو ان کو مجھ سے (عذاب) جلدي نہيں طلب کرنا چاہيئے51:59
جو لوگ خدا اور اس کے رسول کي مخالفت کرتے ہيں وہ (اسي طرح) ذليل کئے جائيں گے جس طرح ان سے پہلے لوگ ذليل کئے گئے تھے اور ہم نے صاف اور صريح آيتيں نازل کردي ہيں. جو نہيں مانتے ان کو ذلت کا عذاب ہوگا58:5
اور جن لوگوں نے اپنے پروردگار سے انکار کيا ان کے لئے جہنم کا عذاب ہے. اور وہ برا ٹھکانہ ہے 67:6
يہ لوگ دنيا کو دوست رکھتے ہيں اور (قيامت کے) بھاري دن کو پس پشت چھوڑے ديتے ہيں 76:27
ہاں جس نے منہ پھيرا اور نہ مانا 88:23
تو خدا اس کو بڑا عذاب دے گا 88:24
بےشک ان کو ہمارے پاس لوٹ کر آنا ہے88:25
پھر ہم ہي کو ان سے حساب لينا ہے88:26 |